کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ سریاب روڈ توسیع منصوبے میں نقائص چھوڑنے پر ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کا آغاز کردیا گیا ہے، کوئٹہ سمیت کسی بھی علاقے میں انتظامیہ کی لاپرواہی اور کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ایڈمنسٹریٹر کوئٹہ سمیت دیگر ذمہ داروں کے خلاف کاروائی کی جائیگی، گیس پریشر کا مسئلہ وزیراعظم کے سامنے اٹھایا ہے صوبے کو گیس فراہم نہیں کی گئی تو گیس فراہمی کے ذمہ داراداروں سے انہی کی طرح نمٹیں گے، برفباری اور بارش کے بعد کی صورتحال فی الحال قابو میں ہے ۔
یہ بات انہوں نے جمعہ کو کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ، قمبرانی روڈ سمیت دیگر علاقوں کے دورے کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی اس موقع پر رکن صوبائی اسمبلی نصر اللہ زیرے بھی انکے ہمراہ تھے ، وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کوئٹہ میں بارش کے بعد سریاب روڈ پر بارش کا پانی کھڑا ہونے اور عوامی مشکلات کی اطلاعات ملیں صورتحال دیکھ کر افسوس ہوا ہے ایڈمنسٹریٹر سمیت دیگر ذمہ داران سے جواب طلبی کرونگا کہ انہوں نے اتنے دن تک پانی کیوں نہیں نکالا جب کوئٹہ شہر میں ہمارے ناک کے نیچے یہ حالات ہیں تو دور دراز علاقوں میں کیا ہورہاہوگا انہوں نے کہا کہ کسی بھی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائیگی ہم نے صفائی کی صورتحال عدم اطمینان بخش ہونے پرپچھلے ایڈمنسٹریٹر کو ئٹہ کو بھی معطل کر کے تبدیل کیا تھا کوئٹہ شہر کے دورے کا مقصد انتظامیہ کی سرپرستی اور انہیں انکی ذمہ داری کا احساس دلانا ہے جہاں محسوس ہوگا کہ کوتاہی برتی گئی ہے اس پر کاروائی کریں گے کوئی بھی افسر اپنی ذمہ داریوں سے بری الذمہ نہیں ہے انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کا بلوچستان کی صورتحال پر نوٹس اور توجہ کے شکر گزار ہیں صوبائی حکومت نے گوادر سمیت دیگر علاقوں میں ڈی واٹرننگ پمپس پہنچا دئیے ہیں بجلی کی فراہمی کے جنریٹر بھی پہنچائے گئے ہیں۔
کچھ علاقوں سڑکیں زیر تعمیر ہیں جسکی وجہ سے سوریج سسٹم مکمل نہیں ہے جس سے علاقوں میں پانی جمع ہوا اور عوام کو مشکلات درپیش ہوئیں انہوں نے کہا کہ گزشتہ برفباری میں کئی سڑکیں بند رہیں اس بار حکومتی مشینری متحرک ہے اور کہیں بھی آدھا گھنٹے سے زائد سڑک بند نہیں ہوئی حکومت برفباری اور بارش کو رحمت کے بجائے زخمت نہیں بننے دیگی فی الحال بلوچستان حکومت کو صورتحال قابو کرنے میں کوئی مشکل درپیش نہیں ہے ایک سوال کے جواب میں وزیراعلیٰ میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ کوئٹہ پیکج میں بہت سے نقائص ہیں جن پر پی سی ون اور فیزیبلٹی رپورٹ بنانے والوں کے خلاف کاروائی کی جارہی ہے گیس پائپ لائن، سوریج سسٹم ، پانی کی لائنز پر توجہ نہیں دی گئی جس کی وجہ سے سریاب روڈ پر کام رکا ہوا ہے مشکلات کو دور کرکے سریاب روڈ توسیع منصوبے پر کام دوبارہ شروع ہو جائیگا، انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے سامنے گیس پریشر کا مسئلہ اٹھایا ہے ہم آئندہ بھی اس مسئلے کو اٹھائیں گے سوئی گیس سمیت دیگر ادارے اگر گیس فراہم نہیں کریں گے تو ہم بھی ان سے انہی کی طرح نمٹیں گے انہوں نے کہا کہ کوئٹہ شہر میں جرائم کے واقعات کے تدارک کے لئے اقدامات کئے جائیں گے ڈکیتی سمیت دیگر واقعات کے حوالے سے آئی جی سے رپورٹ طلب کرلی ہے عوام کے جان ومال کے تحفظ میں کسی قسم کی کوتاہی نہیں برتی جائیگی ۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی زیر صدارت برف باری اور بارشوں سے متاثرہ علاقوں کی صورتحال اور امدادی سرگرمیوں کا جائیزہ اجلاس منعقد ہوا چیف سیکریٹری بلوچستان سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو سیکریٹری خزانہ سیکرٹری بلدیات ڈی جی پی ڈی ایم اے ایڈمنسٹریٹر کیو ایم سی اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
جبکہ ڈویژنل کمشنرز بزریعہ ویڈیو لنک اجلاس میں شریک ہوئے حکام کی جانب سے اجلاس کو امدادی سرگرمیوں پر بریفنگ دی گئی اجلاس میں متاثرہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنروں کو ضروریات کے مطابق امداد ی سامان خریدنے کے لیے فنڈز کے اجرء کی منظوری دی گئی جس سے ان علاقوں میں معاشی سرگرمیاں بھی شروع ہوسکیں گی اور وقت کی بھی بچت ہو گی اجلاس میں اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ بھاری برف باری اور شدید بارشوں کے باوجود جانی و مالی نقصان کم سے کم رہا بند شاہراہیں بھی بروقت کھول دی گئی اور متعلقہ اداروں نے بھرپور اور مربوط طریقے سے ریسکیو اور امدادی سرگرمیاں جاری رکھیں جن سے متاثرین کے مسائل و مشکلات کم کرنے میں کامیابی ملی وزیراعلء نے اس موقع پر ہدایت کی کہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے بعد فوری طور پر نقصانات کے تخمینہ کے لیے سروے شروع کیا جائے تاکہ لوگوں کے نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے وزیراعلیٰ نے متعلقہ اداروں کے پاس دستیاب تمام ضروری مشنری سریاب روڈ منتقل کرکے نکاسی آب کو یقینی بنا نے کی ہدایت بھی کی۔
انہوں نے کوئٹہ شہر کے نالوں کی صفائی کا کام ہنگامی بنیادوں پر شروع کرنے کوئٹہ شہر کی صفائی کی مہم بلا رکاؤٹ اور بلا تعطل جاری رکھنے اور کوئٹہ شہر کی سڑکوں کی تعمیر و مرمت کا منصوبہ فوری طور پر شروع کرنے کی ہدایت بھی کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ برف باری اور بارش سے متاثرہ علاقوں میں امداد ی سرگرمیوں میں مذید تیزی لائی جائے اور امدادی اشیاء کی کمی نہ ہونے دی جائے جسکے لیے مزید فنڈز جاری کیے جائیں گے وزیراعلیٰ نے امداد ی سرگرمیوں کے حوالے سے متعلقہ اداروں کی کارکردگی کی تعریف کی وزیراعلیٰ نے زیارت اور دیگر علاقوں میں آنے والے سیاحوں کو ضروری سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی