|

وقتِ اشاعت :   January 9 – 2022

ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی میں سپر  ہائی وے پر  واقع نجی چڑیا گھر سے ٹائیگر اور تیندوے کے بچے چوری ہو گئے۔

  گڈاپ پولیس نے بچے چوری ہونے کے  واقعے کا مقدمہ درج کر لیا ہے اور ڈی ایس پی گڈاپ کنور آصف کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گڈاپ سٹی تھانے میں چڑیا گھر کے جانوروں کے ڈاکٹر شاہد جلیل نے اس حوالے سے ایف آئی آر نمبر 19/22 زیرِ دفعہ 408 درج کرائی ہے۔

پولیس کے مطابق ایف آئی آر میں مدعی نے کہا ہے کہ 6 جنوری کی صبح ڈیوٹی پر پہنچ کر انہوں نے چڑیا گھر کو چیک کیا تو پنجرے سے تیندوے کا ایک ماہ کا بچہ اور دوسرے پنجرے سے ٹائیگر کا 8 ماہ کا بچہ غائب تھا۔

ایف آئی آر میں مدعی کا بتانا ہے کہ پرانے سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیج چیک کی تو نائٹ سپروائزر ساجد علی جس کی ڈیوٹی رات 12 بجے سے صبح 9 بجے تک ہوتی تھی وہ رات 3 بجے سے غائب تھا۔

مدعی مقدمہ ڈاکٹر شاہد جلیل نے ایف آئی آر  میں  الزام عائد کیا ہے کہ  دونوں بچے نائٹ سپروائزر ساجد علی نے ہی چوری کیے ہیں۔

پولیس نے مقدمہ درج کر کے شعبہ تفتیش کو منتقل کر دیا ہے جبکہ پولیس کی جانب سے  ٹائیگر اور تیندوے کے بچوں کو بازیاب کرانے اور ملزم کی گرفتاری کے لیے کوششیں کی جا رہی ہیں۔