جاپان میں کورونا پھیلاؤ روکنے کے لیے امریکی فوجی اڈوں پر پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
جاپانی وزیراعظم فومیو کشیدا کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی اڈوں میں کورونا پھیلاؤ مقامی کمیونیٹیز میں کورونا کیسز بڑھانے کا سبب بنتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی روک تھام کے لیے امریکی فوجی اڈوں سے غیرضروری آمدورفت پر پابندی پر امریکا سے اتفاق ہوگیا ہے۔
دوسری جانب آسٹریلیا کی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ روز کورونا سے اب تک کی سب سے زیادہ 16 اموات رپورٹ ہوئی ہیں۔
نیو ساؤتھ ویلز میں گزشتہ روز کورونا کے 30 ہزار سے زائد کیسز رپورٹ ہوئے، جبکہ چین میں گزشتہ روز کورونا کے 165 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جن میں مقامی منتقلی کے 92 کیسز شامل ہیں۔
چین کے شہر تیانجن میں اومی کرون کیسز رپورٹ ہونے پر تمام آبادی کی کورونا ٹیسٹنگ شروع کر کے لوگوں کو بلا ضرورت شہر سے باہر نہ جانے کی ہدایت کی گئی ہے۔