ایڈمنسٹریٹر کراچی بیرسٹر مرتضیٰ وہاب کا کہنا ہے کہ ماضی میں کورونا کیسز میں اضافہ ہورہا تھا تو اسپتالوں میں دباؤ تھا، ویکسینیشن کی وجہ سے کورونا کیسز میں کمی ہوئی تھی، اب تک فی الحال صورتحال کنٹرول میں نظر آرہی ہے۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے گذری اسپورٹس گراؤنڈ کا سنگ بنیاد رکھ دیا ہے۔
اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ منصوبے کی تکمیل سے صحتمند سرگرمیوں کو فروغ ملے گا، فٹبال سے محبت کرنے والی عوام کےلیے پیپلز پارٹی نے اعلان کیا تھا، گراؤنڈ کو جدید سہولتوں سے آراستہ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر علاقے میں کام کررہی ہے، ہم نے پیپلز اسکوائر دیا، کورنگی ابراہیم حیدری میں منصوبہ بنایا اور ککری گراؤنڈ کو بھی بین الاقوامی اسٹیڈیم میں منتقل کیا جارہا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کھارادر اور میٹھادر میں روڈ کی تزین و آرائش کی ہے، پی ٹی آئی اور ایم کیو ایم کے گڑھ میں پیپلز پارٹی خدمت کررہی ہے، گذری سے گورنر، صدر اور خرم شیر زمان منتخب ہوئے تھے، یہ لوگ چاہتے تو یہاں کی عوام کے لئے کچھ کرسکتے تھے۔
ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ نواز شریف نے پروجیکٹ مکمل کیا، پہلے ایم کیو ایم اب پی ٹی آئی کریڈٹ لے رہی ہے، دھرنے اور احتجاج بھی چل رہے ہیں، یہ احتجاج اس وقت کرتے ہیں جب پیپلز پارٹی عوام کے لیے کام کرتی ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ 31 جنوری تک کراچی میں بسیں پہنچ جائیں گی، کراچی والوں پروپیگنڈے میں نہ آؤ اور پیپلز پارٹی کا ساتھ دو، سندھ حکومت ایسا قانون لے کر آئی ہے جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔
انہوں نے کہا کہ پولیس کو اسٹریٹ کرائم روکنے کے لیے اقدامات کرنے ہوں گے، آئی جی سندھ سے اس معاملے پر میٹنگ ہوئی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ کسی فوڈ فیسٹیول کو بند نہیں کرسکتے، جو فوڈ فیسٹیول چل رہا ہے وہ سرکاری نہیں ہے۔