کوئٹہ: جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی سیکرٹری جنرل رکن قومی اسمبلی مولانا سید آغا محمود شاہ نے میں جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی مجلس عمومی کے ممبرسردار زادہ میر زاہد خان لہڑی کی شہادت پر ان کی رہائش گاہ پر فاتحہ خوانی کرتے ہوئے کہا کہ سردار زادہ میر زاہد جان لہڑی کے قاتلوں کی گرفتاری میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے جے یو آئی کے ضلعی سیکرٹری اطلاعات عبدالغنی شہزاد بھی اس موقع پر موجود تھے۔
انہوں نے کہا ان شہادت سے جمعیت اپنے مخلص ساتھی سے محروم ہوگئی ہے، ان کے قاتلوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے عبرت ناک سزا دی جائے ، جمعیت علما اسلام کے رہنما نے نوجوان شہید رہنما کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دن رات ایک کرکے جمعیت علما اسلام کے پلیٹ فارم سے جو سیاسی اور سماجی اور خدمات سر انجام دی ہیں۔
اس پر ہر کارکن کو فخر ہے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت ان کے قاتلوں کی گرفتاری کیلئے عملی طور پر اقدامات اٹھائے تاکہ عوام اور قبائل میں پیدا ہونے والی بے چینی اور اضطراب کم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے ان کے قاتلوں کو کیفرِ کردار تک پہنچانے میں اپنی تمام وسائل بروئے کار لائے ، انہوں نے کہا کہ میر زاہد جان لہڑی کے قاتلوں کی گرفتاری کے حوالے سے جمعیت علما اسلام ہر فورم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔