|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2022

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت چند دنوں کی مہمان ہے اور نااہلی کو چھپانے کے لیے مختلف خبریں پھیلائی جا رہی ہیں۔

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایک ماہ بعد کیس کی سماعت ہوئی ہے اور ثبوت جب سے مانگے گئے ہیں یہ بہانہ کر رہے ہیں اور میں حیران ہوں یہ وہی قومی احتساب بیورو (نیب) ہے جس نے روزانہ سماعت کی درخواست دی تھی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کی کارکردگی نہ ہونے کے برابر ہے اور ان کے کابینہ ارکان ان کی کارکردگی کے خلاف بات کر رہے ہیں۔ حکومت کی کارکردگی بری نہیں بلکہ ان کی کارکردگی ہے ہی نہیں۔ مہنگائی، بےروزگاری، مری سانحہ اور کس کس پر بات کریں ؟

مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کی پارٹی عذاب سے گزر کر آئی ہے اور ن لیگ آزمائشوں کے بعد بھی نہیں ٹوٹی۔ پارٹی کے رہنما نواز شریف کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے مختلف خبریں پھیلائی جا رہی ہیں جبکہ آپ کے اپنے ارکان قومی و صوبائی اسمبلی اپنی قیادت کے خلاف بات کرتے ہیں۔ جس طرح کے مقدمات بنائے گئے مسلم لیگ اس کے باوجود نہیں ٹوٹی۔

رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ ہر رکن نواز شریف کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہے جبکہ عمران خان اقتدار میں ہیں لیکن اس کے باوجود ان کے ممبران ان کی عزت نہیں کرتے۔ یہ حکومت ہفتہ، مہینہ نہیں بلکہ چند دنوں کی مہمان ہے اور صورتحال سے اندازہ ہوتا ہے کہ ان کا انجام قریب ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی نااہلی سے جتنی جلدی جان چھڑائی جائے اتنا اچھا ہے اور پاکستان یہ حکومت ایک دن کے لیے بھی برداشت نہیں کر سکتا۔ شیخ رشید بیانات دینے کی بجائے سانحہ مری کا جواب دیں۔

مریم نواز نے کہا کہ حکومتی ترجمان اپنی نااہلی چھپانے کے لیے باتیں کر رہے ہیں اور جتنی جلدی پی ڈی ایم کو حکومت گرانے کی تھی اس سے زیادہ جلدی خود انہیں ہے۔ امید ہے ماضی کی غلطیاں نہیں دہرائی جائیں گی اور آئین کی بالادستی ہو گی۔ نواز شریف جلد پاکستان آئیں گے۔