کراچی: صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے کہا ہے کہ عدالتی نظام چلانے کے لیے نئے ججز تعینات کیے جائیں گے۔
سندھ کابینہ اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں پی پی سے تعلق رکھنے والے صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے بتایا کہ حکومت سندھ کی جانب سے گاڑیوں کی خریداری پر پابندی ہے البتہ جوڈیشیری کے لیے 152 گاڑیاں اور 50 موٹرسائیکلوں کی منظوری دی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ کابینہ نے گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کی خریداری کے لیے 36 کروڑ روپے کی گرانٹ بھی منظور کی ہے۔ انہوں ںے کہا کہ چار گاڑیاں پراسیکیوشن کے لیے بھی رکھی گئی ہیں۔
سعید غنی نے کہا کہ خواجہ سرا ؤں کے لیے ملازمت میں اعشاریہ 5 فیصد کی منظوری دی گئی ہے تاہم انہوں نے واضح کیا کہ خواجہ سراؤں کی نوکریاں میرٹ پر ہوں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ فزیو تھراپی کونسل کی بھی منطوری دی گئی ہے۔
صوبائی وزیر اطلاعات و نشریات سعید غنی نے کہا کہ سندھ سول سرونٹس ترمیمی بل بھی کابینہ نے منظور کیا ہے جو اسمبلی میں جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ترمیمی بل کے تحت خواجہ سراؤں کے لیے اعشاریہ 5 فیصد کوٹہ رکھا گیا ہے۔
سعید غنی نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ پولیس کے لیے 9 ایم ایم پسٹلز کی خریداری پر آئی جی سندھ کو آئندہ اجلاس میں طلب کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان رینجرز کی مزید 3 ماہ تعیناتی کی بھی منظوری دی گئی ہے۔
وزیر سعید غنی نے کہا کہ کابینہ اجلاس میں سی پی ایل سی کے رولز مرتب کیے گئے ہیں۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ سی پی ایل سی بغیر قوائد کے یہاں کام کر رہا تھا۔