افغان وزیراعظم ملا محمد حسن اخوند نے اسلامی ممالک سے طالبان حکومت کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طالبان کی عبوری حکومت کے سربراہ نے سرکاری میڈیا ریڈیو اینڈ ٹیلی ویژن افغانستان کو دیئے گئے انٹرویو میں کہا کہ ہماری حکومت نے اب تک دنیا کی تمام شرائط پوری کی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اسلامی ممالک کو طالبان حکومت کو تسلیم کرنے میں پہل کرنی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو طاقتیں انسانی حقوق کے تحفظ کے دعویدار ہیں، انہی کی پابندیوں اور افغانستان کے فنڈ منجمد کرنے سے افغان عوام معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عارضی امداد سے عوام کے مسائل حل نہیں ہوں گے، ہمیں مل کر ایسے ذرائع تلاش کرنے چاہییں جو ہمیشہ کے لیے عوام کے مسائل کا حل کریں۔