|

وقتِ اشاعت :   January 22 – 2022

ملک اوربلوچستان کی ترقی کا جھومر گوادر سے اول روز سے بہت سی امیدیں لگی ہوئی ہیں کہ گوادر سی پیک سے شروع ہونے والے منصوبوں سے بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے نئے سفر کا آغاز ہوگا اور بلوچستان میں موجود بحرانات، مسائل محرومیوں سب کا ازالہ ہو گا۔ دہائیوں سے پسماندگی کا شکار صوبہ اپنے محاصل کے ذریعے نئے منصوبوں کے ذریعے صنعتیں، بجلی گھرسمیت دیگر پروجیکٹ شروع کرتے ہوئے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرے گا مگر کچھ عرصہ سے سی پیک منصوبہ انتہائی تعطل کا شکار دکھائی دے رہا ہے جبکہ گوادر ڈیپ سی پورٹ بھی اس طرح فعال نہیں کہ جلد ہی بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ہوسکے مگر اس جانب توجہ دینا اشد ضروری ہے ۔

موجودہ صوبائی حکومت سی پیک جو ترقی کا جھومر ہے اس پر اپنی توانائی صرف کرتے ہوئے پورٹ کی فعالیت سمیت دیگر منصوبوں کی تکمیل کو یقینی بناتے ہوئے بلوچستان کے عوام کا خواب پورا کرے۔گزشتہ روز وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کا دورہ گوادر کے موقع پر کہنا تھا کہ گوادر بلوچستان کی شہ رگ اور صوبے کی ترقی کا بنیادی زینہ ہے حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں گوادر کی ترقی سرفہرست ہے گوادر کی ماسٹر پلاننگ کے بعد شہر کے ترقیاتی عمل کی باقاعدہ منصوبہ بندی کی جارہی ہے تاکہ گوادر کو مستقبل کے تقاضوں سے ہم آہنگ جدید سہولیات سے مزین شہر بنایا جاسکے ۔

گوادر کی ترقی کے اقدامات کا آغاز ہو چکا ہے اور گوادر کی ترقی کی سمت کا تعین کر دیا گیاہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ عوامی مسائل کے ترجیح بنیادو ں پر حل اور شہری نظام کی بہتری کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں، ملافاضل چوک اولڈ سٹی سمیت گوادر شہر کی ترقی کیلئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے گوادر کے ادارہ ترقیات کابھی دورہ کیا جہا ں انہوں نے ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کی ۔ادارے کے ڈی جی نے اجلاس کو ادارے کے امور، ادارے کے تحت جاری اور مجوزہ ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات سے آگا ہ کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے اس موقع پر گوادر اولڈ ٹاؤن کے ترقیاتی منصوبوں میں مقامی آبادی کی شراکت داری اور مشاورت یقینی بنانے اور منصوبوں کی جلد تکمیل کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ گوادر کے مقامی لوگوں خاص طور سے ماہی گیروں کی ترقی اور خوشحالی کے بغیر گوادر کی ترقی کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا ، اس حقیقت کے پیش نظر سب سے پہلے مقامی لوگوں کے روزگار اور حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانا اور انکا اعتمادبحال کرنا ہو گا ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے جی ڈی اے کے ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت کے حوالے سے انہیں باقاعدگی کے ساتھ رپورٹ بھیجنے کی ہدایت کی۔بہرحال وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے جب سے اپنا منصب سنبھالا ہے وہ صوبائی ترقی میں بہت زیادہ متحرک دکھائی دے رہے ہیں اور لوگوں کے مسائل سننے کے لیے براہ راست خود ان سے بات چیت کررہے ہیں جس طرح گوادر حق دو تحریک کے دوران انہوں نے مطالبات منظور کئے اور دھرنا ختم ہوا اس سے اندازہ لگایاجاسکتا ہے ان کی خواہش ہے کہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل ہوں تاکہ عوام کو بہ مجبوری سڑکوں پر نہ آنا پڑے۔ یہ گڈگورننس کی ایک بہترین مثال ہے گوکہ خامیاں کسی نہ کسی جگہ ہوسکتی ہیں مگر انہیں ختم کرنے کے لیے ذاتی دلچسپی لینا ایک بہترین وزیراعلیٰ کی نشاندہی کرتا ہے۔

\میرعبدالقدوس بزنجو کے متعلق یہ رائے عام ہے کہ وہ صوبے کے مسائل کے حوالے سے ذاتی دلچسپی اور سنجیدگی سے کام کرتے ہیں جس کی مثال ان کی ماضی کا دور ہے جس میں انہوں نے حکومتی اوراپوزیشن بنچ کے حلقوں پران کی خواہش کو ترجیح دی ۔اب امید ہے کہ جلد ہی مکران اور گوادر کے عوام کے دیرینہ مطالبات ومسائل حل کرکے ایک نئی تاریخ رقم کرینگے۔