یمن کی جیل پر فضائی حملے میں 70 افراد ہلاک اور 200 سے زائد زخمی ہوئے، اس انسانیت سوز سانحے پر اقوامِ عالم کی خاموشی پر سوشل میڈیا صارفین نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اس وقت ہیش ٹیگ یمن انڈر اٹیک (YemenUnderAttack#) ٹاپ ٹرینڈز میں شامل ہے۔
صارفین کا کہنا ہے کہ انسانیت کا خون ہورہا ہے اور دنیا خاموشی سے دیکھ رہی ہے۔
کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ یمن کے معصوم بچوں اور خواتین کو دنیا نے بھلا دیا ہے۔
جبکہ کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ یمن میں ہر دن عاشورہ کا ہے اور زمین کا ہر ٹکڑا کربلا ہے۔
صارفین کا یہ بھی کہنا ہے کہ سعودی اتحاد کی جانب سے کی جانے والے فضائی حملے کے نتیجے میں یمن میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل ہوگئی ہے اور وہاں بچے بھوک اور بمباری سے مررہے ہیں۔
صارفین یمن کے لوگوں کے لیے دعا گو ہیں۔
ٹوئٹر پر دنیا بھر سے صارفین کی جانب سے درخواست کی جارہی ہے کہ معصوم بچوں اور کمزور خواتین کے یوں قتلِ عام کو روکیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل سعودی اتحاد کی جانب سے یمن میں جیل پر کیے گئے فضائی حملے میں 70 افراد ہلاک ہو گئے تھےاور 200 سے زائد لوگ زخمی ہیں ۔
دوسری جانب سعودی اتحاد نے یمن کی جیل پر فضائی حملے کی تردید کی ہے۔
جبکہ ابھی تک اس انسانیت سوز سانحے پر عالمی رہنما اور انسانی حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیمیں خاموش ہیں۔