|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2022

کراچی: گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا ہے کہ ہمارے صوبے کے ساتھ بڑی ناانصافی کی جا رہی ہے۔

گورنر ہاؤس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ سندھ حکومت مہنگائی مارچ کرنے جا رہی ہے، دوسری جانب خود قیمتیں بڑھا رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ گندم کی اگر کمی ہے تو وفاقی حکومت کو لکھیں، ہم گندم فراہم کریں گے، یہ سب کچھ سیاسی مہم کا حصہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کے بعد سے ساری دنیا میں مہنگائی کا طوفان آیا ہے، پاکستان دنیا کا واحد ملک نہیں ہے جہاں مہنگائی ہو گئی ہے، پاکستان میں دیگر ممالک کے مقابلے میں مہنگائی کم ہوئی ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں مصنوعی مہنگائی بھی کی گئی، آٹا پنجاب میں کم قیمت میں ملتا ہے اور وہی آٹا سندھ میں مہنگا ملتا ہے، سندھ حکومت جواب دے کہ 100 ٹن گندم کی کٹوتی کیوں کی؟

گورن سندھ کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت صوبے کے ساتھ زیادتی تو نہ کرے، ہمارے صوبے کے ساتھ بڑی ناانصافی کی جارہی ہے، سندھ حکومت وفاق کو لکھے، 48 گھنٹوں میں گندم فراہم کی جائے گی۔

ایک سوال کے جواب میں گورنر سندھ کا کہنا تھا کہ ایسی کوئی تحریک نہیں جس سے عمران خان کو خطرہ ہو، اپوزیشن تو ہر وقت تاریخ پر تاریخ دیتی ہے۔

عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ عمران خان چاہیں تو سب سے زیادہ لوگ سڑکوں پر لے آئیں۔