انقرہ: دنیا بھر میں مقبول ارطغرل غازی سیریز میں آرتک بے کا کردار ادا کرنے والے ترک اداکار ایبرک پیکن انتقال کر گئے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق مرسین انڈسٹریلسٹ اینڈ بزنس مین ایسوسی ایشن کے بورڈ ممبر نے 51 سالہ ترک اداکار کی موت کی تصدیق کی۔ بورڈ ممبر نے سوشل میڈیا پر لکھا کہ میرے پیارے دوست، میرے بھائی اور ترک سنیما کے ایک تجربہ کار اداکار ایبرک پیکن کو ہم نے کھو دیا ہے۔ انہوں نے اداکار کے لیے دعائے مغفرت بھی کی۔
واضح رہے کہ اداکار کینسر کے مرض میں مبتلا تھے اور انہوں نے گزشتہ سال اکتوبر میں کمر درد کی شکایت کی تھی۔ دوران علاج معلوم ہوا کہ ان کا ٹیومر جگر اور ایڈرینل غدود میں پھیل گیا ہے۔ اسپتال میں ان کا علاج چل رہا تھا۔
ایبرک پیکن نے بیماری پھیلنے پر سوشل میڈیا پر لکھا تھا کہ ڈاکٹر کے پاس 10 دن پہلے کمر درد کی شکایت لے کر گیا تھا لیکن مجھے پھیپھڑوں کا کینسر ہے جو ٹیومر جگر اور ایڈرینل غدود میں بھی پھیل گیا ہے اور بدقسمتی سے اس بیماری نے اپنے ابتدائی مراحل میں کوئی علامات ظاہر نہیں کیں۔
اداکار کا کہنا تھا کہ کیموتھراپی کا پہلا دن ہے اور میرا سب سے بڑا سہارا میرا خاندان ہے تو میرے قریب کے دوست بھی ہیں۔ میں اپنی صحت کو بحال کرنے کی پوری کوشش کروں گا انہوں نے مداحوں سے دعاؤں کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ ترک سنیما اور ٹی وی سیریز کے اداکار ایبرک پیکن 22 مئی 1970 کو مرسین میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے اپنا بچپن اور جوانی اڈانا اور مرسین میں گزاری۔ مرسین کے اڈانا اور ہائی اسکول میں اپنی ابتدائی اور ثانوی تعلیم مکمل کرنے کے بعد، مرسین یونیورسٹی، فائن آرٹس کی فیکلٹی، شعبہ پرفارمنگ آرٹس، شعبہ تھیٹر سے گریجویشن کیا۔ بعد ازاں انہوں نے استنبول میں اداکاری کا آغاز کیا تھا۔