|

وقتِ اشاعت :   February 6 – 2022

نوشکی : چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کی ترقی کا عمل متاثر ہو رہا ہے اور بلوچستان کو خوشحالی سے روکنے کیلئے یہ بزدلانہ کاروائیاں ہیں۔ بلوچستان خوشحال ہو گا تو یہ پورے خطے کے لئے ایک طاقت بن کر ابھرے گا دہشتگردوں کے حملوں اور کاروائیوں سے بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی کو روکنے نہیں دیا جائے گا دہشتگردوں کو کبھی بھی ملک کو غیر مستحکم کرنے کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔

ملک کے چپے چپے سے دہشتگردی کا مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے دورہ نوشکی کے موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر ان کے ہمراہ وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو ،صوبائی وزراء، ودیگر بھی تھے۔ اس موقع پر چیرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ نوشکی اور پنجگور میں سیکورٹی فورسز پر ہونے والے حالیہ دہشتگرد حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔انہوں نے قوم کی جانب سے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشتگردوں کو کبھی بھی ملک کو غیر مستحکم کرنے کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔ ملک کے چپے چپے سے دہشتگردی کا مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔

چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ پاکستان کے بہادر مسلح اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے مادر وطن کے دفاع کی خاطر اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور ہماری پوری ہمدردیاں اور دعائیں ان کے خاندانوں کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان جانثاروں کی قربانیوں کو رائیگا ں نہیں جانے دیا جائے گا۔ بلوچستان کو طویل عرصہ سے دہشتگردی کا سامنا ہے جس کی وجہ سے بلوچستان کی ترقی کا عمل متاثر ہو رہا ہے اور بلوچستان کو خوشحالی سے روکنے کیلئے یہ بزدلانہ کاروائیاں ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ بلوچستان خوشحال ہو گا تو یہ پورے خطے کے لئے ایک طاقت بن کر ابھرے گا ۔

انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے حملوں اور کاروائیوں سے بلوچستان کی خوشحالی اور ترقی کو روکنے نہیں دیا جائے گا۔ دہشتگردی کے خاتمے کیلئے مسلح افواج کے آپریشنز کے واضح نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام نے اب تک غیر معمولی بہادری اور جوانمردی کا مظاہرہ کیا ہے اور پاکستان کے عوام اور قائدین دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک ملک کی سیکورٹی فورسز اور اداروں کے ساتھ کندھے سے کندھا ملا کر کھڑے ہیں۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انشا اللہ ایک پر امن، خوشحال اور ترقی یافتہ بلوچستان کا خواب جلد حقیقت بن کر رہے گا۔