|

وقتِ اشاعت :   February 9 – 2022

لاہور کی ضلع کچہری عدالت نے اداکار و گلوکارعلی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا مہم چلانے کے مقدمے میں گلوکارہ میشاء شفیع کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

جوڈیشل مجسٹریٹ غلام مرتضی ورک نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے مقدمے میں میشا شفیع اور شریک ملزمہ ماہم جاوید کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے

عدالت نے واضح کیا ہے کہ آئندہ سماعت پر اگر علی ظفر کے وکیل نے زیر التواء درخواستوں پر دلائل نہ دیئے تو پراسکیوٹر کے دلائل کی روشنی میں فیصلہ کر دیا جائے گا۔

مقدمے میں نامزد ملزمہ عفت عمر، فیضان رضا، حسیم الزمان، فریحہ ایوب، علی گل اور لینا غنی نے حاضری مکمل کروائی۔

یاد رہے کہ ایف آئی اے نے علی ظفر کی مدعیت میں میشا شفیع سمیت آٹھ ملزمان کے خلاف چالان پیش کررکھا ہے۔

ایف آئی اے نے چالان میں کہا ہے کہ میشا شفیع سمیت دیگر ملزمان نے علی ظفر کے خلاف سوشل میڈیا پر جنسی ہراسانی کی مہم چلائی ملزمان اپنی صفائی میں ٹھوس شواہد پیش نہیں کرسکے۔