|

وقتِ اشاعت :   February 10 – 2022

کوئٹہ: حکومت بلوچستان اور ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن ،پیرامیڈیکس کے درمیان مذاکرات کامیاب تاہم ڈاکٹروں نے مطالبات کے نوٹیفکیشن ہونے تک ہسپتالوں میں قائم احتجاجی کیمپس میں ہی او پی ڈی لگانے کا اعلان کردیا۔یہ بات صوبائی وزیر صحت سیداحسان شاہ،ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے رہنماوں ڈاکٹر حفیظ مندوخیل ،حفیظ لونی ،پیرامیڈیکس کے رہنما جمال شاہ نے بدھ کی رات وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔صوبائی وزیر صحت سید احسان شاہ نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی اور ینگ ڈاکٹرز ،پیرامیڈیکس کے درمیان مذاکرات میں مثبت پیش رفت ہوئی ہے صوبائی حکومت پیرامیڈیکس کے ہیلتھ پروفیشنل الاونس میں 100فیصد اضافہ کریگی اسکی تجویز صوبائی حکومت کی الاونس کمیٹی کو ارسال کی جائے گی جو اپنی سفارشات مرتب کرکے وزیراعلیٰ کو ارسال کریگی ۔انہوں نے کہا کہ کلاس فور کے ملازمین کے ہیلتھ رسک الاونس میں 100فیصد اضافہ کیا جائے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ مالی سال کی پی ایس ڈی پی میں سول اوربی ایم سی میں تعینات ڈاکٹروں کیلئے رہائش کا منصوبہ شامل کیا جائے گا اس بات پر اتفاق ہوا ہے کہ انسکمب روڈ پردوبڑے بنگلے خالی کروا کر وہاں دو رہائشی ٹاور قائم کئے جائیںگے۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں بہتری لانے کیلئے ٹاسک فورس بنائی جائے گی ضلع کوئٹہ کے 5بڑے ہسپتالوں میں سی ٹی اسکین ،ایم آر آئی ،انجیو گرافی ،اینڈوسکوپی سمیت دیگر مشینری اور سہولیات فراہم کی جائیں گی ہسپتالوں میں ریڈیالو جی اورپیتھالوجی کی چوبیس گھنٹے سہولت فراہم کی جائے پی جی ایم آئی سول ہسپتال میں ہی رہنے دیا جائے گاتاہم اسکے سب آفس کھولے جاسکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ450اے پی اور 500میڈیکل اسامیوں کی منظوری دی جائے گی ایڈہاک کی بنیاد پر تعینات نرسوں کے کنڑیکٹ میں توسیع کی جائے گی 10ماہ سے زیر التواپی جی اور ہاوس آفیسرز کا اعزازیہ جاری کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ وائی ڈی اے اپنی تنخواہیں اورالاونسزبڑھانے کے تمام مطالبات سے دستبردار ہوئی ہے باقی اداروں کوبھی چاہئے کہ وہ انکے نقش قدم پر چلیں اور صوبے کی بہتری میں اپنا کردارادا کریں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ تمام سہولیات اسی مالی سال میں فراہم کی جائیں گی صوبے میں صحت کارڈ میں موجود پیچیدگیوںکو بھی ختم کیا جائے گا ۔اس موقع پر ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کے ڈاکٹر حفیظ مندوخیل نے کہا کہ ہم عوام کے لئے چار ماہ سے احتجاج پر ہیں سہولیات نہ ہونے پر ہمارا دل بھی دکھتا ہے امید ہے کہ ہمارے مطالبات پر مثبت پیش رفت ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ہڑتال ابھی بھی جاری ہے احتجاجی کیمپس میں او پی ڈی کریں گے ہم چوبیس گھنٹے بھی او پی ڈی کرنے کیلئے تیار ہیں جب تک مطالبات کے نوٹیفکیشن نہیں ہوجاتے ہم کیمپس میں ہی او پی ڈی کریں گے۔