|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2022

کراچی کے دوسرے بڑے انڈسٹریل ایریا کورنگی میں کیمیکل تیار کرنے والی ایک فیکٹری میں لگنے والی آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دے دیا گیا۔

آگ بجھانے کے لیے شہر بھر سے فائر فائٹرز اور آگ بجھانے والی گاڑیوں کو طلب کیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق کورنگی انڈسٹریل ایریا میں کیمیکل بنانے کی ایک فیکٹری میں آگ لگ گئی جسے بجھانے کے لیے ابتدائی طور پر فائر بریگیڈ کی 4 گاڑیاں موقع پر پہنچیں۔

آگ کی شدت کی وجہ سے مزید گاڑیوں کو بھی طلب کیا گیا ہے، کورنگی پولیس اور رینجرز بھی موقع پر پہنچ گئی ہیں جو آگ بجھانے کے لیے معاونت کا کام کر رہی ہیں۔

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ تیزی سے پھیل رہی ہے جس کی وجہ سے آگ کو تیسرے درجے کی آتشزدگی قرار دے کر شہر بھر سے فائر بریگیڈز کو طلب کر لیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ حکام نے بتایا کہ 15 فائر ٹینڈرز اور 3 واٹر باؤزر آگ بجھانے میں مصروف ہیں۔

فوری طور پر آگ لگنے کی وجوہات اور اس سے ہونے والے نقصان کی تفصیلات سامنے نہیں آئی ہیں۔