|

وقتِ اشاعت :   February 17 – 2022

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی جانب سے بلوچستان کے بیروزگار نوجوانوں کے لیے روزگار کے ذرائع پیدا کرنے کے لیے تمام تر وسائل کو بروئے کار لانے کے لیے باقاعدہ طور پر اقدامات کا آغاز کردیا گیا ہے جوانتہائی خوش آئندامرہے۔ اس سے قبل بھی وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے تمام محکموں میں جہاں آسامیاں خالی ہیں انہیں میرٹ کی بنیاد پرپُر کرنے کا حکم دیا ہے تاکہ مستقبل کے معمار محکموں کے اندر اپنے فرائض سرانجام دیتے ہوئے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ اس کے علاوہ بھی جتنے میگا منصوبوں پر کام چل رہا ہے ان پر بھی وزیراعلیٰ بلوچستان اپنی ٹیم کے ساتھ ملکر روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے بیٹھک لگارہے ہیں تاکہ بڑے پیمانے پر نوجوانوں کو پُرکشش روزگار دیا جاسکے جس سے ان کی زندگی میں بڑی تبدیلی رونما ہوسکے۔

حکومت بلوچستان کی جانب سے یہ بات واضح طور پر کہی گئی ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو صوبے کے نوجوانوں کو میرٹ اور صلاحیت کی بنیاد پر باعزت اور باوقار روزگار کی فراہمی کے لیے پُر عزم ہیں اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے بند دروازے کھل رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ صرف باتوں اور اجلاسوں کی حد تک نہیں بلکہ نوجوانوں کو کامیابی کی راہ پر گامزن کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومت کی روزگار فراہمی کی پالیسی کے تحت تمام صوبائی محکموں کو خالی آسامیوں پر فوری بھرتی کی ہدایت کی گئی ہے اور سینکڑوں خالی آسامیوں کو اخبارات میں مشتہر کیا جارہا ہے ۔وزیراعلیٰ نے ان آسامیوں پر شفافیت کے ساتھ بھرتی کا عمل یقینی بنانے کی ہدایت کر رکھی ہے جسکی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی ۔

اس حوالے سے وزیراعلیٰ اور چیف سیکریٹری کے مابین گزشتہ دنوں ہونے والی ملاقات میں مانیٹرنگ میکینزم تیار کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے ایک اور اہم پیشرفت گریڈ 16 اور اس سے اوپر کی خالی آسامیوں پر فوری طور پر بلوچستان پبلک سروس کمیشن کے ذریعے بھرتی کا آغاز ہے جس کے لئے محکمہ ایس اینڈجی اے ڈی اور دیگر متعلقہ محکموں کی جانب سے کمیشن کو مشتہر کرنے لیے آسامیاں بھجوائی جا رہی ہیں جن میں ڈی ایس پی کی 45 ،اسسٹنٹ کمشنر کی 18، سیکشن آفیسر کی 29، تحصیلدار کی 27 اور محکمہ ایس اینڈ جی اے ڈی میں اسٹنٹ کی 62 آسامیاں شامل ہیں۔

صوبے کے پڑھے لکھے نوجوان اس اعتماد اور یقین کے ساتھ ان آسامیوں کے لیے اپلائی کر سکتے ہیں کہ انکی حق تلفی نہیں ہوگی، یہ پہلی صوبائی حکومت ہے جو کہ بھرتی کے عمل میں میرٹ کی بالادستی کو یقینی بنانے اور غیر قانونی ذرائع کی مکمل روک تھام کے لیے انتہائی سنجیدگی کے ساتھ اقدامات کر رہی ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے جس طرح سے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ غیر قانونی ذرائع کی روک تھام کرکے باعزت روزگار ہر شہری کو دیاجائے گا یہ انتہائی بڑا قدم ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے کیونکہ بلوچستان کے شہری عرصہ دراز سے یہ مطالبہ کرتے آرہے ہیں کہ ان کے لیے باعزت روزگار کے مواقع پیدا کئے جائیں ۔میرعبدالقدوس بزنجو کی شخصیت کا خاصا یہ بھی ہے کہ وہ بلوچستان کے مسائل کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے انہیں فوری حل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہیں پھر ان کی مانیٹرنگ بھی براہ راست خود کرتے ہیں ۔ بہرحال وزیراعلیٰ بلوچستان کے حالیہ اقدامات سے بلوچستان کے شہریوں میں خوشی کی لہردوڑ گئی ہے ۔