|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2022

لندن: برطانیہ نے روس کے 5 بینکوں پر پابندی لگانے کا اعلان کر دیا ہے جس پر جلد عملدرآمد کیا جائے گا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق برطانوی وزیر اعظم بورس جانسن نے کہا ہے کہ ہم روس اور یوکرین کے مابین تنازع کو حل کرنے کے لیے ہر ممکن قدم اٹھائیں گے اور ہم دونوں ملکوں کے درمیان تنازع کو سفارتی سطح پر حل کرنے کے حق میں ہیں۔

انہوں نے کہا ہم نے یوکرین کے صدر کو یقین دہانی کرائی ہے کہ یوکرین کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی مدد کرتے رہیں گے۔

واضح رہے کہ روس کی جانب سے گزشتہ روز یوکرین کے دو صوبوں کو خودمختیار ملک کی حیثیت سے تسلیم کرنے کے اعلان کے بعد برطانیہ اور اس کے اتحادیوں نے روس پر پابندی لگانے کا ارادہ کیا ہے۔

روس پر پابندی کے لیے برطانیہ اپنے آئین کے نئے قوانین کا بھی استعمال کر سکتا ہے۔

برطانوی وزیر اعظم نے اعلان کیا کہ ابتدائی مرحلے میں روس کی پانچ بینکوں کی برطانوی شاخوں پر پابندی لگائی جائے گی۔ پابندی کا شکار بننے والی بینکوں میں روشیا، آئی ایس بینک، جنرل بینک، پروم سیویز بینک اور بلیک سی بینک شامل ہیں۔

بورس جانسن نے کہا کہ ہمیں اس بحران سے پر امن طریقے سے باہر نکلنے کے راستے تلاش کرنا ہوں گے۔