|

وقتِ اشاعت :   February 22 – 2022

بلوچستان میں تعلیمی اداروں کی حالت زار اور معیار سے ہر ذی شعور واقف ہے کہ بلوچستان کے نوجوان ملک کے دیگر بڑے شہروں میں اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے جاتے ہیں جبکہ پرائمری سطح پر بھی خاص تبدیلی نہیں آئی باوجود اس کے کہ ماضی کی حکومتوں نے خطیر رقم تعلیم کے شعبے کی بہتری کے لیے مختص کررکھی تھی تاکہ تعلیمی اداروں کی حالت زار بہترہونے کے ساتھ معیاری تعلیم بچوں کو مل سکے۔مگر افسوس کہ آج بھی ہزاروں کی تعداد میں بچے اسکول سے باہر ہیں

جس کی بڑی وجہ ایک تو شعوری کی کمی، آگاہی کا نہ ہونا اور دوسرا تعلیمی اداروں کی زبوں حالی سمیت معیار تعلیم کا پست ہونا بھی ہے جس کی بہتری اس وقت ممکن ہوسکتی ہے جب تعلیمی شعبے کے لیے رقم مختص کرنے کے ساتھ ساتھ اس کی باقاعدہ مانیٹرنگ بھی حکومت خود کرے اور وزیراعلیٰ بلوچستان اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے ذمہ داران سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے اس کی نگرانی کریں تب جاکر کسی حد تک بہتری کے امکانات پیدا ہوسکتے ہیں۔ بہرحال وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے اردو میڈیم اسکولوں کے معیار کی بہتری کا اعلان کرنے کے ساتھ سرکاری شعبہ کے اردومیڈیم پرائمری اسکولوں کی بہتری کی جامع پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کو انگریزی میڈیم اسکولوں کے برابر لائیں گے۔تعلیمی پسماندگی کے خاتمے کے لیے شعبہ تعلیم میں اصلاحات اور انقلابی تبدیلیاں ناگزیر ہیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ گزشتہ ادوار میں بھی شعبہ تعلیم کی ترقی کی باتیں ہوتی رہیں لیکن مؤثر پالیسی کا فقدان رہا۔بجٹ کا بڑا حصہ تعلیم پر خرچ ہوتا ہے لیکن خاطر خواہ نتائج نہیں ملتے۔

اپنے بچوں کو معیاری تعلیم کی فراہمی کے بغیر ترقی کے اہداف کا حصول ممکن نہیں۔اردو اور انگلش میڈیم اسکولوں کے معیار میں بہت زیادہ فرق ہے۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ایک ہی معاشرے میں تعلیمی معیار کے فرق سے بچوں میں احساس کمتری پیدا ہوتا ہے۔بچوں میں اعتماد پیدا کرنے اور انکی شخصیت سازی کی اشد ضرورت ہے۔محکمہ تعلیم اردومیڈیم اسکولوں کے معیار کی بہتری کے لئے پالیسی سازی کرے۔سرکاری اردومیڈیم اسکولوں کی کاکردگی میں اضافے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو نے ہدایت کی ہے کہ بچوں کے ساتھ ساتھ اساتذہ کی حاضری بھی ضروری ہے۔اساتذہ کی ٹریننگ کی جانب بھی خصوصی توجہ دی جائے، انہی اقوام نے ترقی کے منازل طے کیں جنکا معیار تعلیم بہتر رہا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں اردومیڈیم پرائمری اسکولوں کے معیار کے بہتری کو ترجیح حاصل رہے گی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو کی جانب سے موجودہ تعلیمی ماحول میں تبدیلی لانے کے حوالے سے فیصلے خوش آئند ہیں یقینا اس سے بہتری کے امکانات پیدا ہونگے اور ہزاروں بچے جو اس وقت اسکولوں سے باہر ہیں وہ بھی تعلیم کے زیور سے آراستہ ہوکر اپنے صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لیے مستقبل میں کردار ادا کرینگے کیونکہ انسانی وسائل پر سرمایہ کاری کرنے سے ہی ترقی ممکن ہے اور اس میں اہم شعبہ تعلیم ہے ،جب تک مستقبل کے معماروں کو بہترتعلیم سے لیس نہیں کیاجائے گا ترقی کے اہداف کا حصول ناممکن ہی رہے گا۔ امید ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو سرکاری تعلیمی اداروں پر خاص توجہ دیتے ہوئے معیار تعلیم کی بہتری کے لیے مزید اقدامات اٹھائینگے اور بجٹ میں جس طرح رقم مختص کرنے کے حوالے سے کہا گیا ہے اس کا آؤٹ پٹ بھی لینگے تاکہ بلوچستان میں معیار تعلیم بہتری کی جانب گامزن ہوسکے۔