|

وقتِ اشاعت :   February 23 – 2022

لاہور: مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ کرائے کے ترجمانوں کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔

مسلم لیگ ن کی مرکزی ترجمان مریم اورنگزیب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پر تنقید کرنے والوں کو گرفتار کیا جا رہا ہے جبکہ صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے پیکا ترمیمی آرڈیننس چیلنج کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اظہار رائے کی آزادی کے خلاف قانون کو چیلنج کرنے کے لیے پٹیشن تیار کر لی گئی ہے اور کرائے کے ترجمانوں کی چیخیں سنائی دے رہی ہیں۔ آج کی بیٹھک کا مقصد عوام کو نااہل ٹولے سے چھٹکارا دلانا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیکا میں جرم کی تعریف کیے بغیر 5 سال سزا مقرر کی گئی ہے اور پیکا آرڈیننس میں عدلیہ کو تابع بنانے کی کوشش کی گئی۔ ہم اگر حکومت پر تنقید کریں تو سزا لیکن وہ خود تضحیک کریں تو کوئی نہیں پوچھتا۔

انہوں نے کہا کہ شہزاد اکبر نے ہر ایک پر بہتان لگائے لیکن آج کہاں ہیں ؟ ہر ادارے نے تحقیقات کیں لیکن ہمارے اوپر کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔