|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2022

وفاقی وزیر اسد عمر نے پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کو مشورہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھی کہتا ہوں کہ آپ لوگ لانگ مارچ کے لیے نہ نکلیں۔

اسلام آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ پی ڈی ایم کا سوائے اپنی چوری بچانے کے لیے اور کوئی مطالبہ نہیں، پچھلے جلسے میں کہا تھا پی ڈی ایم والوں کو بہت مار پڑے گی، عزت دار انسان کے لیے سب سے بڑی مار ذلت ہوتی ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ اب بھی کہتا ہوں کہ لانگ مارچ کے لیےنہ نکلیں، پی ڈی ایم والوں! خدا کا واستہ ہے تاریخیں دینی چھوڑو، 18 اگست 2023 تک عمران خان وزیر اعظم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ اسلام آباد میں ترقیاتی منصوبے جاری ہیں، اسلام آباد میں تین بڑے سرکاری اسپتال بننے جارہے ہیں، سڑکوں کا جال بچھایا جارہا ہے۔

اسد عمر نے کہا کہ ہماری حکومت کے پہلے سال کا بجٹ پچھلی حکومت کا بنایا ہوا تھا، ہماری حکومت کے لائے گئے بجٹ کے ڈھائی سال ہوئے ہیں، ہماری حکومت میں پینے کےصاف پانی کے منصوبے، 10ایونیو منصوبہ ہے، ہمارے حلقے میں 15 سال سےکوئی کالج نہیں بنا تھا، اب 4 کالجز بننے جا رہے ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ صحت کے 4 بنیادی صحت کے مراکز پر کام ہونے جارہا ہے، سابقہ حکمرانوں ںے عوام کے لیے کچھ نہیں کیا۔

 اسد عمر نے کہا کہ عمران خان سوچتے ہیں دنیا میں مہنگائی کی لہر ہے، جو پاکستان پر بھی اثر انداز ہورہی ہے، پیر کو وزیراعظم عمران خان کے خطاب کا انتظار کرنا، وزیراعظم عمران خان پیر کو عوام سے خطاب کریں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم عمران خان صرف پاکستانی عوام کے لیے کام کر رہے ہیں، زندہ قومیں صرف سڑکوں، پلوں سے نہیں بلکہ کردار سے بنتی ہیں، ہمارے اوپر ایسے حکمران آئے جنہوں نے جائیدادیں بنائیں بیرون ملک خزانے بنائے۔

 اسد عمر نے کہا کہ ڈو مور کا مطالبہ نئے پاکستان کے سامنے کیا جس کا جواب ایبسلوٹلی ناٹ میں ملا، پاکستان سب کے ساتھ اچھے مراسم رکھنا چاہتا ہے، جب بھارت پاکستان پر حملہ کرنے جارہا تھا تو وزیراعظم نے دلیری سے فیصلے کیے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زرداری صاحب سن لو! تحریک انصاف آپ کے پیچھے سندھ آرہی ہے۔