|

وقتِ اشاعت :   February 26 – 2022

روسی صدارتی محل کریملین کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ یوکرین نے مذاکرات سے انکار کر دیا ہے جس کے بعد روس نے بھرپور فوجی آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کریملین کا کہنا ہے کہ کل صدرپیوٹن نے یوکرین میں فوج کو آگے بڑھنے سے روک دیا تھا تاہم  آج سے اسے دوبارہ شروع کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب یوکرین نے روس کے 3 ہزار 500 فوجیوں کو ہلاک کرنے کا دعویٰ کر دیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق یوکرین نے روسی فوج کی کارروائی پر بھر پور ردعمل کا دعویٰ کرتے ہوئے 3 ہزار 500 روسی فوجیوں کو ہلاک کرنے کا اعلان کر دیا۔

یوکرینی حکام کا کہنا ہے کہ روس کے 200 فوجی زیرحراست ہیں جبکہ روس کے 14 طیارے، 8 ہیلی کاپٹر اور 102 ٹینک لاپتہ ہیں۔