کراچی: ملیر بکرا پیڑی میں گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے جاں بحق ہوگئے، مرنے والوں میں دو سگی بہنیں شامل ہیں۔
ایکسپریس کے مطابق اتوار کی دوپہر ملیر کے علاقے بکرا پیڑی شیر محمد گوٹھ میں گھر کی دیوار گرگئی، دیوار گرنے کے نتیجے میں قریب ہی کھیل کود میں مصروف تین بچے ملبے تلے دب گئے، فوری طور پر موقع پر موجود افراد نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹایا اور بچوں کو ملبے سے باہر نکالا تو تینوں دم توڑ چکے تھے۔
واقعے سے ریسکیو حکام کو آگاہ کیا گیا جس کے بعد موقع پر ریسکیو ورکرز بھی پہنچ گئے اور بچوں کی لاشیں جناح اسپتال منتقل کرنے لگے لیکن اس دوران ورثا نے انکار کردیا اور کسی بھی قانونی کارروائی سے گریز کرتے ہوئے لاشوں کو واپس گھر منتقل کردیا۔
ایس ایچ او ملیر سٹی انسپکٹر چوہدری اسلم کا کہنا ہے کہ مذکورہ گھر مزار کے احاطے میں قائم ہے، مذکورہ گھر مزار کے گدی نشین بابا امیر شاہ کا ہے، واقعے میں جاں بحق بچوں کی شناخت نو سالہ آمنہ بی بی دختر گلاب شاہ، اس کی بہن بارہ سالہ زینب بی بی اور ان کے رشتے دار ارسلان شاہ ولد اکرم شاہ کے نام سے کی گئی جبکہ 14 سالہ شاہ زیب ولد گلاب شاہ زخمی ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والے تینوں بچے بابا امیر شاہ کے پوتے اور پوتیاں ہیں، اہل خانہ نے کسی بھی قسم کی قانونی کارروائی سے گریز کیا ہے۔