کوئٹہ: چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن اور ترقی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے صوبے کے عوام نے ترقی اور استحکام کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں نوجوان اپنی توانائیاں تعلیم اور ہنر کے حصول کی جانب صرف کریں ۔یہ بات انہوں نے منگل کو تربت کے دورے کے موقع پر قبائلی عمائدین ،طلباء سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افرادسے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔آئی ایس پی آرکے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے تربت کا دورہ کیاآرمی چیف کو بلوچستان کی سیکورٹی صورتحال،بارڈرمینجمنٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف نے جوانوں کے حوصلے ،آپریشنل تیاریوں اور دہشت گردوں کے خلاف کامیاب آپریشنز کو سراہا اور اطمینان کا اظہار کیا۔
بعد ازاں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے یونیورسٹی آف تربت کا دورہ کیا جہاں انہوں نے علاقے سے تعلق رکھنے والے مقامی عمائدین ،قبائلی سربراہان ،طلباء ،وکلاء ،خواتین سمیت مختلف مکتبہ فکر سے تعلق رکھنے والے افراد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان باصلاحیت ہیں انہیں اپنی توانائیاں تعلیم اور ہنر کے حصو ل کیلئے موجود مواقعوں میں صرف کرنی چاہئے۔ انہوں نے علاقے کی سیکورٹی اور استحکام کیلئے نوجوانوں کو مقامی قانون نافذ کرنے والے اداروں میں شمولیت کیلئے انکی حوصلہ افزائی کی ۔آرمی چیف نے کہا کہ بلوچستان امن اور ترقی پاک فوج کی اولین ترجیح ہے فوج بلوچستان کے عوام کی سماجی اوراقتصادی بہتری کے منصوبوں کیلئے پرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے ہرممکن اقدامات کریگی۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے لوگوں نے ترقی اوراستحکام کیلئے عظیم قربانیاں دی ہیں جامع قومی کوششوں سے ہی بلوچستان کی حقیقی استعداد کا ادراک کیا جاسکتاہے ۔قبل ازیں تربت پہنچنے پر کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفرازعلی نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔