|

وقتِ اشاعت :   March 4 – 2022

یوکرین اپنے ملک کا دفاع کرنے کے لیے روسی فوج کے خلاف ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہیں، جہاں روسی افواج کی یوکرین میں اہم اہداف حاصل کرنے کے لیے پیش قدمی جاری ہے، وہیں یوکرینی حکومت نے شہریوں سے  گوریلا جنگ کا آغاز کرنے کی اپیل کر دی ہے۔

یوکرینی صدر کے مشیر نے لوگوں کو کہا ہے کہ روس کے پچھلے دستے کمزور ہیں، اگر ہم ان کو بلاک کر دیں تو یہ جنگ جیت سکتے ہیں۔ جس کے لیے عوام  درخت کاٹیں اور روسی فوج کے دستوں کو تباہ کریں۔

انہوں نے کہا کہ روسی فوج کا راستہ روکنے کے لیے عوام ریلیاں نکالیں اور جیسے بھی ممکن ہو رکاوٹیں کھڑی کریں۔

یاد رہے گزشتہ روز روسی افواج نے یوکرین کے شہر خیرسن پر قبضہ کر لیا تھا۔

مقامی حکام نے شہر پر قبضے کی  تصدیق  کر دی ہے۔  روسی حملے کے سات روز بعد یہ پہلا بڑا شہری مرکز ہے جس پر روس کنٹرول حاصل کرنے میں کامیاب ہوا ہے۔

علاقائی انتظامیہ کے سربراہ گیناڈی  کا کہنا ہے کہ روسی شہر کے تمام حصوں میں موجود ہیں اور بہت خطرناک ہیں۔

شہر کے میئر وادیم بویچینکو کے مطابق قبضے کے وقت شہر میں یوکرینی فوج موجود نہیں تھی ۔ روسی فوج نے شہر میں کرفیو نافذ کر دیا ہے ۔ادوایات اور خوراک لے کر آنے والی گاڑیوں کو شہر میں داخلے کی اجازت ہے۔

یوکرین کی ایک اور اہم بندرگاہ برڈیانسک پر روسی فوجیوں نے پہلے ہی قبضہ کر لیا ہے۔روسی افواج  یوکرین کے دوسرے سب سے بڑے شہر خارکیف پر بھی بمباری کر رہے ہیں۔

اقوام متحدہ کے مطابق یوکرین پر حملے سے 230یوکرینی شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ روسی حملے سے 525یوکرینی شہری زخمی ہوئے۔فضائی حملوں سے ہلاکتیں بڑھ رہی ہیں۔