|

وقتِ اشاعت :   March 6 – 2022

 لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے پارٹی قائدین کی اراکین پارلیمان کو بیرون ملک جانے سے روکنے کی تصدیق کردی۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان نے کہا کہ ہمارے اراکین اسپیکر قومی اسمبلی کے نامزد کردہ کسی بیرون ملک دورے کا حصہ نہیں بنیں گے، سب اراکین کو ملک میں رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ پارٹی اراکین کو مہنگائی سے ستائی عوام کے خرچے پر بیرون ملک دوروں سے منع کیا گیا ہے ، عوام کو کچھ نہ دینے والی حکومت کے سرکاری دوروں کا حصہ نہیں بن سکتے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ عوام مہنگائی، بے روزگاری سے مر گئے ہیں اور حکومت سرکاری خرچ پر دوروں کے پروگرام بنا رہی ہے، قوم کے کروڑوں روپے دوروں پر ضائع کرنا کرپشن اور ڈکیتی کے سوا کچھ نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں امید ہے کہ پی ٹی آئی کے احساس رکھنے والے ارکان ان دوروں کا حصہ بننے سے انکار کریں گے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے وزیراعظم کے خلاف آئندہ ہفتے تحریک عدم اعتماد کے پیش نظر بھی اراکین اسمبلی کو بیرونِ ملک جانے سے روکا ہے تاکہ قومی اسمبلی میں عدم اعتماد کو کامیاب کروایا جاسکے۔

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس پیر کے روز (کل) اسلام آباد میں طلب کر لیا گیا ہے۔ زرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے تمام ارکان قومی اسمبلی کو شام چھ بجے سے قبل اسلام آباد پہنچنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

مسلم لیگ ن کے چک شہزاد میں قائم سیکریٹریٹ میں ہونے والے اجلاس کی صدارت شہباز شریف کریں گے، جس میں عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر غور کیا جائے گا جبکہ لیگی صدر تمام ارکان کو اعتماد میں بھی لیں گے۔