وفاقی وزارت داخلہ نے اسلام آبادکے ریڈ زون کی سکیورٹی رینجرز کے حوالےکرنےکا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ میں اعلٰی سطح کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری وزارت داخلہ،چیف کمشنر اور دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں آئی جی اسلام آباد احسن یونس بھی شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ 20 مارچ سے 2 اپریل تک ریڈزون کی سکیورٹی رینجرز کے حوالےکی جائےگی، ریڈزون میں موجود اہم عمارتوں اورشاہراہوں پر رینجرز اور ایف سی کی نفری تعینات ہوگی۔
ذرائع نے بتایا ہےکہ ایک ہزار رینجرز اور ایک ہزار ایف سی اہلکار تعینات کیے جائیں گے، اس حوالے سے جلد باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا جائےگا۔
ادھر وزارت داخلہ نے 1000ایف سی جوانوں کی تعیناتی کی سمری کابینہ کوبھجوادی۔
ذرائع نے بتایا کہ اسلام آباد میں رینجرز پہلے سے تعینات ہے جبکہ ایف سی کے اضافی جوان رینجرز کے ہمراہ سکیورٹی ڈیوٹی دیں گے۔
خیال رہےکہ وفاقی حکومت پارلیمنٹ ہاؤس،ارکان پارلیمنٹ کی رہائش گاہوں پررینجرز اور ایف سی کی تعیناتی کااعلان کرچکی ہے۔