|

وقتِ اشاعت :   March 18 – 2022

کراچی: ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ نہ گھبرانے کا مشورہ دینے والے آج خود گھبرانا شروع ہو گئے ہیں۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی مرتضیٰ وہاب نے سندھ اسمبلی کی کمیٹی روم میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ جو کہتے تھے گھبرانا نہیں ہے وہ خود گھبرانا شروع ہو گئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) تحریک انتشار ہے اور یہ لوگوں کو سہانے خواب دکھا کر سلیکٹ ہوگئے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ساڑھے 3 سال میں تحریک انصاف نے پاکستانیوں کو انصاف نہیں دیا۔ بلاول بھٹو کے مارچ کی پورے پاکستان میں پزیرائی ہوئی تو حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہو گئی۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ حزب اختلاف نے اپنا آئینی حق استعمال کرتے ہوئے تحریک عدم اعتماد جمع کرائی اور اسپیکر نے آئین کی پاسداری کا حلف لیا ہے اور آئین کے مطابق اسپیکر کو 14 روز کے اندر اجلاس بلانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کے پاس کوئی راستہ نہیں بچا تو اب سندھ حکومت کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ یہ کسی اور کو ڈرائیں ہم نے ضیا الحق اور پرویز مشرف کا سامنا کیا ہے۔ جو ضیا کی آمریت سے نہیں ڈرے وہ اب کیسے ڈر جائیں گے، کیا یہ گورنر راج کے قابل ہیں ان کی گھبراہٹ کا وقت ہوچکا ہے۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ اب لوگ ان کے فلسفے سے متاثر نہیں اور وکلا برادری کا شکریہ کہ انہوں نے شیخ رشید کے بیان کی مزمت کی۔ یہ حکومت رہے گی نہیں، چلی جائے گی کیونکہ ان کے لوگوں نے کشتی سے چھلانگ لگانا شروع کر دی ہے۔