|

وقتِ اشاعت :   March 21 – 2022

کوئٹہ/اسلام آباد: وفاقی و صوبائی حکومتوں اور کینڈا کی کمپنی بیرک گولڈ کے درمیان بلوچستان کے علاقے ریکوڈک میں سونے اور تانبے کے ذخائر دریافت کرنے کے حوالے سے معاہدہ طے پا گیا بلوچستان کو ریکوڈک منصوبے میں 25فیصد حصے کا شراکت دار بنایا گیا ہے صوبے میں10ارب روپے کی سرمایہ کاری ہوگی 1ارب روپے سماجی بہتری کے منصوبوں پر خرچ ہونگے ۔تفصیلات کے مطابق اتوار کو حکومت پاکستان۔

بلوچستان حکومت اور کینڈا کی کمپنی بیرک گولڈ کے درمیان چاغی کے علاقے ریکوڈک میں سونے اور تانبے کے ذخائر دریافت کرنے کے سے متعلق ٹیتھیان کاپر کمپنی سے جاری تنازعہ کو حل کرتے ہوئے معاہدہ طے پا گیا ہے معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب میں وزیراعظم عمران خان ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، وفاقی وزراء سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، معاہدے کے تحت ریکوڈک منصوبے پر کام کے لئے قائم کی جانے والی نئی کمپنی کا 50فیصد حصہ بیرک گولڈ جبکہ دیگر 50فیصد حصہ پاکستان کی ملکیت ہوگا جس میں وفاق اور بلوچستان 25،25فیصد حصے کے حق دار ہونگے وفاق کا 25فیصد حصہ او جی ڈی سی اہل، پی پی ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگز پاکستان میں برابری کی بنیاد پر تقسیم کیا جائیگا جبکہ بلوچستان کا حصہ حکومت بلوچستان کی ملکیت کمپنی کی ملکیت اور کنڑول میں ہوگا، ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان حکومت کے حصے کی سرمایہ کاری اور اخراجات وفاقی حکومت برداشت کریگی جبکہ صوبے کو مائنز کی تیاری میں کسی بھی قسم کے اخراجات نہیں کرنے پڑیں گے۔

حکومتی ذرائع کے مطابق معاہدے کے تحت بلوچستان میں کم و بیش 10ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوگی جس میں 1ارب ڈالر سماجی بہتری، سڑکوں، اسکولز، ہسپتالوں ، مائننگ کے لئے ٹیکنیکل ٹریننگ ادارے کے قیام کے لئے خرچ ہونگے معاہدے کے تحت 8ہزار نئی نوکریاں تخلیق ہونگی جبکہ ریکوڈک منصوبہ بلوچستان کو پاکستان میں سب سے زیادہ فارن ڈائریکٹ انوسٹیمنٹ حاصل کرنے والا صوبہ بنائے گا حکومت کی جانب سے قومی معدنی دولت کے بہتر استعمال کو یقینی بنانے کیلئے ریفائنری بنانے پر بھی غور کیا جارہا ہے، ریکوڈک معاہدے کے لئے گزشتہ تین سال سے مذاکرات کا عمل جاری تھا۔

2019میں وزیراعظم عمران خان نے معاہدے کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی تھی جس میں وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو عالمی مشیروں کی معاونت بھی حاصل رہی حکومت کی جانب سے معاہدے کے قانونی پہلوئوں کو نقائص سے دور کرنے کے لئے اسے پارلیمنٹ اور سپریم کورٹ میں بھی جمع کروایا جائیگا ،معاہدے پر دستخط کرنے کی تقریب کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان نے بلوچستان اور پسماندہ علاقوں کی ترقی پر زور دیا انہوں نے کہا کہ ریکوڈک منصوبے کی سرمایہ کاری بلوچستان کے عوام کے معیار زندگی کو بہتر بنانے میں کردار ادا کریگی انہوں نے بلوچستان کے عوام کے حق میں بہتر اور شفاف معاہدے کرنے پر مذاکراتی ٹیم کی کاوشوں کو بھی سراہا، قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سے بیرک گولڈ کارپوریشن کے وفد نے ملاقات کی اس موقع پر کینڈا کی ہائی کمشنر وینڈی گلمور بھی موجود تھیں۔