کوئٹہ : بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئر نائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عبدالکریم نوشیروانی نے ریکوڈک معاہدے کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ معاہدے میں بلوچستان کو ملنے والے شیئر صوبے کی تعمیر و ترقی پر خرچ ہوں گے ۔ معاہدے سے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز مختلف وفودسے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوںنے کہاکہ دس سالوں بعد ریکوڈک کا ہونے والا معاہدے کا سہرا وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے سر جاتا ہے جنہوں نے اپنی سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے صوبے کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ریکوڈک میں منصوبے بلوچستان کو اس کا حق دلانے میں کامیاب ہوئے۔
ریکوڈک معاہدے سے بلوچستان و وفاق کو ملنے والے پچاس فیصد شیئرز ملک اور بالخصوص بلوچستان کے عوام کی فلاح و بہبود تعمیر و ترقی پر خرچ ہوں گے جس سے نہ صرف صوبے کی پسماندگی میں کمی آئے گی بلکہ صوبے کے لوگوں میں پائے جانے والے احساس محرومی کا بھی خاتمہ ہوگا۔
انہوںنے کہاکہ معاہدے سے صوبے میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا جس سے بیروزگاری میں کافی حد تک کمی آئے گی۔ انہوںنے کہاکہ بلوچستان حکومت عوام کی تعمیر و ترقی کیلئے جس انداز سے کوشاں ہے اس کی مثال ماضی میں نہیں ملتی۔ امید ہے موجودہ حکومت اپنی اس روش کو برقرار رکھتے ہوئے بلوچستان کو ملک کے دیگر صوبوں کے برابر لانے میں اپنا کردار ادا کرے گی۔