|

وقتِ اشاعت :   March 24 – 2022

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم صوبے کے حقوق و و سائل کے تحفظ اور حصول میں کوئی کوتاہی نہیں کرینگے ریکو ڈک منصوبے میں تمام قانونی تقاضے پورے کئے گئے ہیں یہ منصوبہ دنیا بھر میں کسی بھی صوبے کے لئے اتنی بڑی سرمایہ کاری اور منافع میں حصہ داری کی پہلی مثال ہے اس منصوبہ سے بلوچستان سرمایہ کاری کا گیٹ وے ثابت ہو گا

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم پاکستان کی مناسبت سے منعقدہ بلوچستان ایکسیلنس ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا صوبائی وزراء کمانڈر 12 کور لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی چیف سیکریٹری بلوچستان مطہر نیاز رانا جنرل آفیسرز کمانڈنگ سول سوسائیٹی کے نمائندوں طلباء اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم آرمی چیف اور کور کمانڈر نے بلوچستان کو ریکو ڈک منصوبے میں زیادہ سے زیادہ حصہ دلوانے میں بھرپور کردار ادا کیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے کے وسائل کو یہاں کے عوام کی خوشحالی اور فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لاکر احساس محرومی کا خاتمہ کیا جائیگا بلوچستان کو تعمیر و ترقی، امن وسلامتی اور سرمایہ کاری کا میدان بنایا جائے گا وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک دشمن قوتیں احساس محرومی کی آڑ میں ہمارے نوجوانوں کو اکساتی رہی ہیں

ہماری اولین ترجیح ہے کہ اپنے وسائل کو ترقی دیں اور انہیں اپنے لوگوں کے بہترین مفاد میں بروئے کار لائیں انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن کے قیام کیلئے سیکورٹی اداروں نے لازوال قربانیاں دی ہیں ہر باشعور فرد اور حکومت کو اس بات کا بخوبی ادراک ہے کہ دیرپا امن کے بغیر ترقی اور خوشحالی ممکن نہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے غیور اور محب وطن عوام اپنی سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں ہماری دعائیں اور نیک خواہشات اپنی فورسز کے ساتھ ہیں اور اگر ضرورت پڑی تو ہم ہتھیار بھی اٹھا کر اپنی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے ہونگے ہماری خواہش ہے کہ صوبے کی تعمیر و ترقی کیلئے مشترکہ کاوشوں کو جاری رکھا جائے انہوں نے کہا کہ ہمارا صوبہ بے پناہ وسائل کے ساتھ ساتھ ایک طویل ساحل بھی رکھتا ہے ہمارے وسائل اور نوجوان نسل ہمارے اثاثہ ہیں جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم نے حال ہی میں ایک تاریخی معاہدہ کیا ہے جس کے تحت گذشتہ دس سال سے التواء کے شکار ریکوڈک منصوبے پر دوبارہ کام کا آغاز ہونے جارہا ہے اس منصوبے سے بلوچستان کی تقدیر بدل جائے گی معاہدے میں بلوچستان کے حقوق اور مفادات کے تحفظ کو یقینی بنایاگیا ہے

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم اپنے وسائل کے بہتر استعمال سے بلوچستان کی معیشت کو استحکام کی راہ پر گامزن کریں گے یہ وسائل نہ صرف صوبے کو اقتصادی فائدہ دیں گے بلکہ روزگار کے بے پناہ مواقع بھی پیدا ہوں گے انہوں نے کہا کہ وہ پورے یقین کے ساتھ کہتے ہیں کہ اب بلوچستان بدامنی، غربت، پسماندگی اور احساس محرومی کی دلدل سے نکل آئے گااور تعمیر و ترقی خوشحالی اور سرمایہ کاری کا میدان بنے گا انہوں نے کہا کہ آج کے اس عظیم دن کی مناسبت سے صوبہ بھر سے مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو ایکسی لینس ایوارڈ دیئے جارہے ہیں ایوارڈ دینے کا مقصد نمایاں کارکردگی کے حامل افراد کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ہمارے لوگ بالخصوص نوجوان مختلف شعبوں میں ملکی اور غیر ملکی سطح پر اپنے صلاحیتوں کو لوہا منوارہے ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہم صوبے کے مثبت اور تعمیری عکس کو اجاگر کرنے والے تمام آرٹسٹوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں صوبائی حکومت ہر سطح پر اپنے باصلاحیت لوگوں کی سرپرستی کرتی رہے گی

انہوں نے کہا کہ مجھے عوام سے توقع ہے کہ وہ تخریب کار عناصر کی نفی کریں گے اور یقین ہے کہ ہمارے نوجوان ایک مثبت اور تعمیری معاشرے کی تشکیل میں اپنا احسن کردار ادا کرتے رہیں گے وزیراعلیٰ نے تقریب میں طب تعلیم ادب کھیل سیکییورٹی فلم و ڈرامہ نگاری سماجی خدمت سمیت دیگر شعبوں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے افراد میں ایکسی لینس ایوارڈ تقسیم کئے اس موقع پر ملک کے معروف فنکاروں اور گلوکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ پیش کیا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ صوبائی کابینہ کے ساتھیوں ،سیاسی دوستوں اور عوام کا اعتماد انکی طاقت ہے اسی اعتماد نے صوبے کے بہترین مفاد میں فیصلے کرنے کی انکی جرات اورحوصلہ کو جلا بخشی ہے وہ اس اعتماد کو کبھی بھی ٹھیس نہیں لگنے دینگے

ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبائی وزراء میر نصیب اللہ مری ، میر محمد خان لہڑی، عبدالرشید بلوچ اور مبین خان خلجی سے یہاں ہونے والی ملاقات میں کیا ۔اس موقع پر صوبائی وزراء نے ریکو ڈک معاہدے سمیت صوبے کی ترقی و خوشحالی اور امن کے قیام کے لئے وزیراعلیٰ کے فیصلوں اور اقدامات کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے انکی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا وزیراعلیٰ نے کا بینہ کے ساتھیوں کی جانب سے ان پر اعتماد کے اظہار پر انکا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب ایک ٹیم ہیں اور ہمارا مشترکہ مقصد صوبے اور عوام کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے ہمیں اپنا نمائندہ بنا کر اسمبلی اور حکومت میں بھیجا ہے اب یہ ہمارا فرض ہے کہ عوام کی توقعات پر پورا اتریں ملاقات میں سیاسی صورتحال اور اہم صوبائی امور بھی زیر غور آئے۔