|

وقتِ اشاعت :   March 27 – 2022

وارسا: یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے روس سے جنگ لڑنے کے لیے ایک مرتبہ پھر پولینڈ سے ٹینک اور لڑاکا طیارے فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے پولینڈ کے صدر آنجے ڈوڈا کے ساتھ ویڈیو کانفرنس کے دوران ایک بار پھر جنگی طیاروں اور ٹینکوں کی فراہمی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ روس سے جنگ کے لیے ہمیں اسلحہ کی ضرورت ہے۔

صدر ولادیمیر زیلنسکی نے خبردار کیا کہ اگر یوکرین کی اسلحہ اور جنگی ساز و سامان کے ساتھ مدد نہ کی گئی تو روسی فوج کا اگلا ہدف بعد نیٹو ممالک ہوں گے جن میں سب سے زیادہ خطرات پولینڈ، سلوواکیہ، ہنگری، رومانیہ اور بالٹک کو ہیں۔

اس موقع پر پولینڈ کے صدر نے اپنے یوکرینی ہم منصب کو ہرممکن مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے یوکرینی عوام کے عزم وہمت کی تعریف بھی کی اور روسی صدر سے فوجیوں کو واپس بلانے کا مطالبہ کیا۔

خیال رہے کہ پولینڈ نے یوکرین کو جرمنی میں موجود امریکی فوجی اڈے کے ذریعے جنگی طیارے فراہم کرنے کی تجویز دی تھی تاہم امریکا نے اس تجویز کو مسترد کردیا تھا۔