کابل: افیون پیدا کرنے والے دنیا کے سب سے بڑے ملک افغانستان میں طالبان نے منشیات کی کاشت پر پابندی کا اعلان کردیا ہے۔
عالمی میڈیا کے مطابق امارتِ اسلامیہ افغانستان کے سپریم لیڈر ہیبت اللہ اخندزادہ نے کہا ہے کہ تمام افغانوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ اب سے ملک بھر میں منشیات کی کاشت سختی سے ممنوع ہے۔
کابل میں وزارت داخلہ کی طرف سے ایک نیوز کانفرنس میں اعلان کردہ حکم نامے میں کہا گیا کہ اگر کوئی اس حکم کی خلاف ورزی کرتا ہے تو ممنوعہ فصل کو فوری طور پر تباہ کر دیا جائے گا اور خلاف ورزی کرنے والے کے ساتھ شرعی قانون کے مطابق سلوک کیا جائے گا۔ حکم نامے میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ منشیات کے استعمال اور اُن کے نقل و حمل پر بھی پابندی ہوگی۔
واضح رہے کہ بین الاقوامی برادری کا طالبان سے ملک میں منشیات پر کنٹرول کا ایک بڑا مطالبہ تھا جبکہ دوسری جانب طالبان مغربی دنیا سے امارت اسلامیہ افغانستان کو باضابطہ سرکاری حکومت تسلیم کرنے اور افغانستان پر عائد کردہ پابندیوں کو اٹھانے کا مطالبہ کررہے ہیں جو کہ ملک میں بینکنگ، کاروبار اور ترقی کو شدید متاثر کر رہی ہیں۔