|

وقتِ اشاعت :   April 5 – 2022

کوئٹہ : وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ماہ رمضان میں اشیائے خوردنوش کی قیمتوں میں خود ساختہ اضافہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے گرانفروشوں اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت کی ہے وزیراعلیٰ کی ہدایت پر طلب کیے گئے پرائس کنٹرول کمیٹی کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ماہ رمضان میں عوام کو معیاری اشیاء خورد نوش کی مقررہ نرخوں پر فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اور بلوچستان فوڈ اتھارٹی کھانے پینے کی اشیاء میں ملاوٹ کرنے والوں کے خلاف موثر کارروائیاں کرتے ہوئے ان پر جرمانے عائد کرے اجلاس کو متعلقہ حکام نے مہنگائی کی روک تھام اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائیوں اور اقدامات پر بریفنگ دی۔ وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ مضر صحت اشیاء کی خرید و فروخت کی موثر روک تھام کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کیا جائے اجلاس میں آٹے اور دیگر اشیاء خوردونوش میں سبسڈی دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ یہ سبسڈی صوبائی سطح پر ہر ضلع کے لیے دی جائے گی۔ وزیراعلی نے ہدایت کی کہ یوٹیلیٹی سٹور کارپوریشن یوٹیلیٹی سٹوروں پر اشیائے خوردونوش کی وافر مقدار میں دستیابی کو یقینی بنا? اور صوبے بھر کے اضلاع کی انتظامیہ مقامی تاجروں کے تعاون سے قیمتوں میں استحکام اور سستے بازاروں کے انعقاد کو ممکن بنائے۔

وزیر اعلیٰ نے محکمہ خوراک محکمہ صنعت اور ڈویژنل کمشنر ز کو مشترکہ اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ماہ رمضان ایک بابرکت مہینہ ہے جس میں صوبائی حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنا چاہتی ہے وزیراعلیٰ نے اس موقع پر زکوۃ فنڈ کے فوری اجراء اور اسے مستحقین میں تقسیم کے عمل کا بھی جلد آغاز کرنے کی منظوری دے دی وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ماہ رمضان میں اور بالخصوص اوقات نماز تراویح میں فول پروف سکیورٹی فراہم کی جائے اور ٹریفک کے نظام کو بھی عوام کی سہولت کے مطابق بنایا جائے۔اجلاس میں صوبائی وزراء، چیف سیکرٹری، اے سی ایس داخلہ، متعلقہ سیکرٹریز یز، کمشنر کوئٹہ، ڈی آئی جی کوئٹہ،اور ڈی سی کوئٹہ سمیت ڈویژنل کمشنرز نے بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کی۔