بھارتی براہموس میزائل کے خریدار فلپائن نے بھارت کی جانب سے پاکستان پر غلطی سے میزائل فائر ہونےکے بعد بھارت سے وضاحت مانگ لی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلپائن کے وزیر دفاع نے دارالحکومت منیلا میں بھارتی سفیر کو طلب کیا اور براہموس میزائل کی کارکردگی سے متعلق وضاحت مانگی۔
رپورٹ کے مطابق بھارتی سفیر نے میزائل واقعےکی تحقیقات مکمل ہونے پر رپورٹ فلپائن سے شیئر کرنےکی یقین دہانی کرائی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق فلپائن نے بھارت سے براہموس میزائل کی 375 ملین ڈالر کی تین بیٹریاں خریدنے کا معاہدہ کیا ہوا ہے۔
یاد رہےکہ نو مارچ کو بھارت کی طرف سے پاکستان کی حدود میں میزائل فائرہوا تھا، بھارتی وزرات دفاع نے اعتراف کیا تھا کہ میزائل تکنیکی خرابی کے باعث غلطی سے فائر ہوا۔
اس حوالے سے دعویٰ کیا جا رہا ہےکہ پاکستان میں گرنے والا میزائل براہموس میزائل تھا تاہم اس حوالے سے بھارت کی جانب سے تصدیق نہیں کی گئی، شاید یہی وجہ فلپائن کی پریشانی کی وجہ بھی ہے۔