|

وقتِ اشاعت :   April 17 – 2022

کراچی : کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے ذریعے کوشش کی جائے گی کہ پی ٹی آئی میچ سے ہی باہر ہوجائے لہٰذا ہمارا مطالبہ ہے کہ پیپلزپارٹی، تحریک انصاف اورن لیگ کا فارن فنڈنگ کا کیس اکٹھا سنا جائے۔جلسے سے خطاب میں عمران خان کاکہنا تھا۔

کہ آج خاص بات چیت کیلئے آپ کے سامنے آیا ہوں، مسئلہ آپ کے بچوں کے مستقبل کا ہے اس لیے آیا ہوں، آج مسئلہ تحریک انصاف کا نہیں پاکستان کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے مجمع سے استفسار کیا کہ یہ جو سازش ملک کے خلاف ہوئی، یہ سازش تھی یا مداخلت تھی؟ان کا مزید کہنا تھاکہ بین الاقوامی سطح ملک کے خلاف سازش ہوئی، میں کسی ملک کے خلاف نہیں ہوں ، نہ میں بھارت، نہ یورپ اور نہ امریکا کے خلاف ہوں۔

میں دنیا میں انسانیت کے ساتھ ہوں، دوستی سب سے چاہتا ہوں اور غلامی کسی کی نہیں چاہتا۔عمران خان کا کہنا تھاکہ یہ جو سازش ہوئی ہے یہ آپ کو غلام رکھنے کی سازش ہوئی ہے اور میر جعفر کو ہم پر مسلط کیا گیا ہے۔ان کا کہنا تھاکہ 3 سے 4 مہینے پہلے پتہ چلا کہ امریکی سفارتخانے نے اپوزیشن کے لوگوں سے ملنا شروع کیا اور جو لوگ ضمیر بیچ کر لوٹا ہوئے تھے ان سے بھی ملاقاتیں شروع کیں، سازش میں شامل صحافیوں کی بھی ملاقاتیں امریکی سفارتخانے میں ہوئیں۔

عدلیہ سے متعلق سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ رات کے 12 بجے عدالتیں کھل گئیں، میں نے پوچھنا تھا کہ کیا جرم کرنا تھا جو عدالتیں کھول دیں؟ میں نے آزاد عدلیہ کی جنگ لڑی اور مشرف نے جیل میں ڈالا، پاکستان کا قانون نہیں توڑا، کھیلوں کے میدانوں میں قوم کو شرمندہ نہیں کرایا۔انہوں نے مزید کہا کہ واحد سیاست دان ہوں جس کو سپریم کورٹ نے صادق اور امین کہا، عدم اعتماد کی تحریک میرے خلاف کامیاب ہوئی اس کا پہلے سے علم تھا میچ فکس ہوگیا، مجھے تکلیف ہوئی کہ رات 12 بجے عدالتیں کھولیں یہ ساری زندگی میر دل میں بات رہ جائے گی۔

ان کا کہناتھا کہ عدلیہ سے دو اور سوال پوچھتا ہوں، ڈپٹی اسپیکر نے جو مراسلہ کہا تھا اس کو دیکھنا نہیں چاہیے تھا؟ ملک کے وزیراعظم کو دھمکی مل رہی ہے، ان کو پتا تھا کہ کس کو آنا ہے، میر جعفر اچکن تیار کرکے بیٹھا ہے۔سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھاکہ میرے دور میں صدر ٹرمپ نے کہا پاکستان میں دہشت گردی ہو رہی ہے تو میں نے جواب دیا کہ پاکستان وہ ملک ہ جس نے سب سے زیادہ قربانیاں دی ہیں، امریکا گیا تو ٹرمپ نے وہ عزت دی جو شاید ہی کسی وزیراعظم کو ملی ہو۔انہوں نے کہا کہ جب کھلی منڈی لگی ہوئی تھی ارکان بک رہے تھے تو کیا عدالت کو ایکشن نہیں لینا چاہیے تھا؟ کیا ہمارا آئین 20 کروڑ روپے میں ضمیر بیچنے کی اجازت دیتا ہے؟ اس ضمیر فروشوں کو کبھی معاف نہیں کرنا ہے۔

یہ آپ سے ووٹ لیکر آئیں اور 20 کروڑ میں اپنا ضمیر بیچ دیں ،حکومت گرادیں۔پی ٹی آئی چیئرمین کا کہنا تھاکہ امریکا کی جنگ میں ہم نے قربانیاں دیں، مشرف کو ایک دھمکی آئی کہ اپ ہمارے ساتھ نہ چلے تو پتھر کے دور میں پہنچادینگے، ایک دھمکی پر گر گئے، اسی ہزار جانوں کی قربانی دے دی ، علاقے تباہ کردیے، مجھ سے کیا گلا ہے امریکا کو؟ ایک انٹرویو میں مجھ سے پوچھا کیا آپ دوبارہ قوم کو بیچ دینگے؟ میں نے انھیں کہا ایبسلوٹلی ناٹ۔موجودہ حکومت سے متعلق عمران خان کا کہنا تھاکہ مشرف نے ان کو این آر او دیا۔

انھوں نے دباؤ ڈالا کہ میں انھیں این ار او دے دوں، ہمارے ملک کی اس سے زیادہ توہین کیا ہوسکتی ہے ایک ضمانت پر آدمی کو وزیر اعظم بنوادیا، اپنے لیے ان کے کیا معیار ہیں اور ہمارے اوپر ایک کرمنل کو وزیر اعظم بنادیا، یہ چوروں کو ملکوں کا سربراہ بناتے ہیں کیونکہ وہ آسانی سے استعمال ہوجاتے ہیں۔ان کا کہنا تھاکہ یہ پہلے سے کہہ رہا ہے بیگرز آر ناٹ چوزر، آپ غلامی کرسکتے ہو یہ قوم غلامی نہیں کریگی،

امریکیوں نے اس کو ہم پر مسلط کردیا ہے، جو لوگ 30 سال سے ملک کو لوٹ رہے تھے انھیں دوبارہ ہم پر مسلط کیا، جن آفیسرز نے ان کی چوری پکڑی تھی ان کے خلاف یہ کارروائیاں کرینگے؟ انہوں نے کہا کہ ماسٹر مائنڈ جو لندن میں بیٹھ کر سازش کررہا تھا، دو بار جھوٹ بول کر بھاگا، پہلے مشرف کے دور میں بھاگا پھر جھوٹ بول کر لندن بھاگا۔

اب یہ واپس آنے کی تیاری کررہا ہے اور یہ پھر لوٹ مار کرینگے، میری جان سے زیادہ پاکستان کو خطرہ ہے لیکن کسی ملک پر چوروں کو مسلط کردیں تو ملک نہیں چل سکتا۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے حکم دیا ہے اچھائی کیساتھ اور بدی کے خلاف کھڑے ہو، اللہ نے تیسرا راستہ نہیں دیا، آپ نیوٹرل نہیں رہ سکتے، اللہ نے حکم دیا ہے کہ ہم چوروں کے خلاف کھڑے ہوں۔فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے سابق وزیراعظم کا کہنا تھاکہ مجھ پر فارن فنڈنگ کیس ڈالا ہے کہ مجھے کھیل سے باہر کردیں۔

انہوں نے کہا کہ فارن فنڈنگ کیس کے ذریعے کوشش کی جائے گی کہ پی ٹی آئی میچ سے ہی باہر ہوجائے لہٰذا مطالبہ ہے کہ پیپلزپارٹی،تحریک انصاف اورن لیگ کا فارن فنڈنگ کا کیس اکٹھا سنا جائے۔ان کا کہنا تھاکہ یہ ایف آئی اے اورنیب میں ہمارے خلاف جھوٹے کیس بنائیں گے، یہ کوشش کریں گے کہ سازش کرکے پھر میر جعفر آجائے، ہم اپنے اداوں کو مضبوط کرنا چاہتے ہیں، اگر ہمیں دیوار سے لگایا تو ملک کو نہیں آپ کو نقصان پہنچے گا۔انہوں نے کہا کہ پرامن رہیں،کبھی ٹکراؤ کی سیاست نہیں کریں گے، یہ ہماری پولیس اورفوج ہے اورہمارے ادارے ہیں، ہماری تحریک پرامن رہے گی۔