اسلام آباد: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف سے وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے وزیراعظم ہاؤس میں ملاقات کی اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے میاں محمد شہباز شریف کو وزیراعظم پاکستان کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی ملاقات میں بلوچستان کے مسائل اور تعمیر وترقی سے متعلق امور پر بات چیت کی گئی وزیراعلیٰ کی جانب سے وزیراعظم کو صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسی،اقدامات اور امن وامان کی صورتحال پر بریفنگ دی گئی
وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ محدود وسائل بلوچستان کی ترقی میں بڑی رکاؤٹ ہیں اور وفاقی حکومت کی جانب سے خصوصی ترقیاتی پیکج فراہم ہونے کی صورت میں ترقیاتی عمل کو تیزی سے آگے بڑھایا جا سکتا ہے جبکہ جنوبی بلوچستان پیکج اور دیگر وفاقی منصوبوں کیلئے وفاق کا سرگرم تعاون ناگزیر ہے وزیراعلیٰ نے بلوچستان میں جاری وفاقی منصوبوں کی تکمیل کے لئے فنڈز میں اضافے اور بروقت اجراء کی درخواست کی ملاقات میں سرحدی علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اور غیر ضروری چیک پوسٹوں کے خاتمے کراچی تا چمن دورویہ قومی شاہراہ کی تعمیر جنوبی بلوچستان خاص طور سے مکران کو قومی ٹرانسمیشن لائن سے منسلک کرنے اور سوئی گیس لیز کے معاہدے کی توسیع جیسے اہم امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا
وزیراعلیٰ نے وفاقی اداروں میں بلوچستان کی نمائندگی میں اضافے اور طلباء کے لئے خصوصی سکالر شپ پروگرام کی بھی درخواست کی وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ بلوچستان کی ترقی اور احساس محرومی کا خاتمہ ہمیشہ سے مسلم لیگ کی حکومت کی ترجیح رہی ہے اور آئندہ بھی رہے گی انہوں نے یقین دلایا کہ بلوچستان کے حقوق و مفادات کے تحفظ کو یقینی بنا یا جا ئیگااور صوبے کی ترقی اور مسائل کے حل کے لئے صوبائی حکومت کی بھرپور معاونت کی جائیگی بلوچستان کے ترقیاتی منصوبوں کی فنڈنگ میں اضافہ کیا جائیگا
وزیراعظم نے کہا کہ امن و امان کے قیام کے لئیبھی وفاقی حکومت صوبائی حکومت کی معاونت کریگی اور بلوچستان کے معدنی وسائل کی تلاش و ترقی پر خصوصی توجہ دی جائیگی وزیراعلیٰ نے بلوچستان کی ترقی اور احساس محرومی کے خاتمے کے لئے وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی پر انکا شکریہ ادا کیا وزیراعلء نے وزیراعظم کو دورہ بلوچستان کی دعوت بھی دی جس پر وزیراعظم نے کہا کہ وہ جلد بلوچستان کا دورہ کرینگے۔