کوئٹہ : حکومت بلوچستان کی جانب سے صوبائی حکومت کے گریڈ 21 کے سنئیر ترین آفیسر سنئیر ممبر بورڈ آف ریونیو ارشد مجید پر مشتمل ٹریبونل آف انکوائری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔
بلوچستان ٹر یبیونلز آف انکوائری آرڈننس 1968 کے تحت قائم ٹریبونل آف انکوائری 14 اور 18 اپریل کو ضلع چاغی میں رونما ہو نے والے فائرنگ کے واقعات کے تمام پہلوؤں اور محرکات کا جائیزہ لیکر واقعات کی ذمہ داری کا تعین کریگا ٹریبیونل مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے اپنی سفارشات بھی مرتب کریگا ٹریبیونل آف انکوائری 15 دن کے اندر اپنی رپورٹ حکومت کو پیش کرنے کا پابند ہو گا۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے نوکنڈی میں فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے ڈرائیور کے لواحقین کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی کراتے ہوئے لواحقین کے لئے30 لاکھ روپے کی امدادی رقم کا اعلان کیا ہے صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں واقعہ پر بحث سمیٹتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ فائرنگ کے زخمیوں کو علاج معالجہ کی بہترین سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اگر ضرورت پڑی تو انہیں مزید علاج کے لیے کراچی بھی بھیجا جائے گا وزیراعلیٰ نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے جے آئی ٹی تشکیل دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔