|

وقتِ اشاعت :   April 26 – 2022

کوئٹہ: پراسیکیوٹرجنرل بلوچستان ساجد ترین ایڈووکیٹ نے پشتون قومی جرگہ کے کنونیئر نواب محمدایاز جوگیزئی سمیت دیگر کے خلاف مانگی ڈیم واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے پر درج مقدمات واپس لینے کا حکم دیدیا۔

گزشتہ روز پراسیکیوٹر جنرل بلوچستان ساجد ترین ایڈووکیٹ نے پراسیکیویشن حکام کو ہدایت کی کہ وہ مانگی ڈیم واقعہ کے خلاف احتجاج کرنے پر پشتون قومی جرگے کے کنونیئر سابق صوبائی وزیر نواب محمدایاز خان جوگیزئی ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے سمیت دیگر کے خلاف درج ایف آئی آر واپس لی جائیں ،پراسیکوٹر جنرل نے ہدایت کی تھی کہ اس سلسلے میں کوئٹہ (کچلاک ) اور کوئٹہ(سریاب) میں محکمہ پراسیکیویشن کی جانب سے درخواست جمع کرائی جائیں.

جس پر مذکورہ سیشن کورٹس میں درخواستیں جمع کرادی گئی ہیں ۔یاد رہے کہ پشتون قومی جرگے کے کنونیئر سابق صوبائی وزیر نواب محمدایاز خان جوگیزئی ،پشتونخواملی عوامی پارٹی کے رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ زیرے سمیت دیگر کے خلاف سانحہ مانگی ڈیم کے خلاف احتجاج کرنے پر ایف آئی آر درج کی گئی تھی ۔اس موقع پرپراسیکیوٹرجنرل ساجد ترین ایڈووکیٹ نے کہا ہے کہ وہ ہمیشہ قانون کی حکمرانی پر یقین رکھتے ہیں اور بلوچستان کے عوام کی بلا تفریق اور صرف الفاظ سے نہیں بلکہ عمل سے خدمت کرنے کی کوشش کریں گے۔