|

وقتِ اشاعت :   May 24 – 2022

ایران کے شہر اصفہان میں فنی خرابی کے باعث ایرانی فضائیہ کا لڑاکا طیارہ گرکر تباہ ہوگیا ہے جس میں سوار دونوں پائلٹ ہلاک ہو گئے ہیں۔

عالمی خبر رساں ایجنسی کے مطابق ایف 7 طیارہ وسطی شہر اصفہان کے قریب صحرا میں گرا جہاں اناراک تربیتی مرکز بھی واقع ہے۔

واضح رہے کہ ایرانی پائلٹس ایک طویل عرصے تک ایف سیون طیاروں کو تربیتی مقاصد کے لیے استعمال کررہے ہیں اور اس دوران کئی پائلٹس حادثات کا شکار ہوئے۔

 

چار برس قبل بھی ایک ایف سیون طیارہ مشقوں کے دوران اصفہان کے قریب گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ بعد ازاں حادثے کی وجہ تکنیکی خرابی کو قرار دیا گیا۔

رواں سال فروری میں بھی ایک ایرانی لڑاکا طیارہ تبریز شہر کے فٹبال گراؤنڈ میں گر گیا تھا جس میں دونوں پائلٹ اور زمین پر ایک عام شہری ہلاک ہوا۔

خیال کیا جاتا ہے کہ ایران کی فضائیہ نے اپنے ایف سیون فائٹر طیارے کو چین کے جے سیون فائٹر کی طرح تیار کیا ہے جس کو سوویت دور کے مِگ 21 کی نقل سمجھا جاتا ہے۔