|

وقتِ اشاعت :   June 4 – 2022

گوادر: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا کہ ہم گذشتہ 20سال سے گوادر کی ترقی اور اس کی جغرافیائی و تجارتی اہمیت پر بات تو کرتے چلے آرہے ہیں لیکن بدقسمتی سے ان 20سالوں میں نہ تو گوادر کو قومی ٹرانسمیشن لائن سے منسلک کرکے اس کی بجلی کی َضروریات کو پورا کیا جاسکا ہے اور نہ ہی یہاں کے پانی کے سنگین مسئلے کا کوئی دیرپا حل نکالا جاسکا ہے۔

جبکہ ایم 8-گذشتہ 15سال سے زیر تعمیر ہے اس صورتحال میں ہم کس طرح گوادر کے وسائل کو قومی اور صوبائی ترقی کیلئے بروئے کار لاسکتے ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے سی پیک کے تحت گوادر کے مختلف منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس کے مہمان خصوصی وزیراعظم محمد شہباز شریف تھے وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ آپ کی وجہ شہرت فوری فیصلے اور ترقی کے عمل کو تیز تر کرنے کے حوالے سے ہے ہمیں یقین ہے۔

کہ آپ گوادر کی ترقی کے منصوبوں کو بھی تیز رفتاری سے آگے بڑھاتے ہوئے انہیں پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے اور گوادر کو صحیح معنوں میں اس ملک اور صوبے کا اثاثہ بنایا جاسکے گاوزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر کا سب سے بڑا مسئلہ بجلی اور پانی کا ہے جس کے حل سے یہاں صحیح معنوں میں ترقی آسکے گی وزیراعلیٰ نے وزیراعظم سے درخواست کی کہ گوادر پورٹ کے مقامی ملازمین کو مستقل کیا جائے اور ان کیلئے مزید آسامیاں بھی پیدا کی جائیں۔

لوگوں کے دستیاب ذرائع معاش کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے بارڈر ٹریڈ کو مکمل طور پر کھولتے ہوئے پاک ایران سرحد پر مزید تجارتی گیٹ قائم کئے جائیں اور قومی شاہراہوں اور شہروں کے اندر وفاقی اداروں کی غیر ضروری چیک پوسٹوں کو فوری طور پر ختم کیا جائے وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اپنے جغرافیائی محل وقوع اور اس سرزمین میں پائی جانی والی معدنیات کی وجہ سے انتہائی اہمیت کا حامل خطہ ہے ہماری آبادی کم اور وسائل بے پناہ ہیں اور آبادی کا یہ تناسب کسی بھی علاقے کی ترقی کے لئے خوش قسمتی کے علامت ہے انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ابھی تک نہ تو ہم اپنی جغرافیائی اہمیت کا فائدہ اٹھاسکے اور نہ ہی ہم اپنی معدنیات کو عوام کی بہتری کے لئے استعمال کرسکے سی پیک کی شکل میں ہمیں اپنے دوست ملک چین کی طرف سے ایک موقع ملا ہے جو کہ مختلف شعبوں میں وسائل اور مہارت کی فراہمی اور مستقبل کی منصوبہ بندی کی شکل میں ہے یقینا سی پیک ایک بڑا پروگرام ہے جس میں پورے ملک کے لئے منصوبے ہیں لیکن ان کے خیال میں اس کی اہمیت بلوچستان کے لئے کہیں زیادہ ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک کے تحت ریل، روڈ، بجلی اور پانی کے منصوبے بلوچستان اور اس کے لوگوں کی تقدیر بدل سکتے ہیں لیکن اس میں اس بات کا خیال رکھنا ضروری ہے کہ بلوچستان اہم ہے مگر اس کے لوگ اس سے زیادہ اہم ہیں ہمیں اپنی منصوبہ بندی کرتے وقت اپنے لوگوں کو نہیں بھولنا چاہئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ یہاں موجود ملک کے مختلف حصوں سے آئے ہوئے صنعتکارں، بیرون ملک سے آئے ہوئے سرمایہ کاروں اور اپنے چائینیز دوستوں سے گزارش کریں گے کہ بلوچستان کو بھی دنیا کے ساتھ آگے بڑھنا ہے آپ آئیں بلوچستان میں سرمایہ کاری کریں ہم آپ کو خوش آمدیدکہتے ہیں ہم کوشش کررہے ہیں کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے ماحول سازگار بنائیں ہمارے ادارے صوبے میں امن کے قیام کے لئے دن رات محنت کررہے ہیں مگر ہم آپ سے توقع رکھتے ہیں کہ آپ بلوچستان کے لوگوں کو نہیں بھولیں گے آپ لوگوں کے تعاون سے بلوچستان میں سکول آباد ہوسکتے ہیں یہاں کے لوگوں کو پینے کا صاف پانی مل سکتا ہے یہاں کے غریب عوام کے لئے ہسپتال قائم ہوسکتے ہیں انہوں نے کہا کہ ہم ایسی ترقی چاہتے ہیں جس سے بلوچستان کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوہم ایسی سرمایہ کاری نہیں چاہتے کہ جس سے چند سرمایہ دار فائدہ اٹھالیں مگر بلوچستان کے عوام کی زندگی میں بہتری نہ آسکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کی یہاں موجودگی بلوچستان سے ان کی محبت اور دلچسپی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ان کا گوادر کا یہ دورہ سی پیک اور صوبے کی ترقی کے دیگر منصوبوں کی تیز رفتار تکمیل میں معاون ثابت ہوگاوزیراعلیٰ نے کہا کہ وہ گوادر میں سی پیک سے متعلق ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے حوالے سے چند گذارشات کرنا چاہیں گے جس کیلئے وفاقی حکومت کا تعاون درکار ہے گوادر کی ترقی کیلئے ضروری ہے کہ گوادر بندرگاہ کو ٹرانزٹ کارگو کا مرکز بنایا جائے گوادر بندرگاہ کو مقامی تجارت کا مرکز بنایا جائے گوادر کو بذریعہ ریل تفتان اور کوئٹہ سے منسلک کیا جائے گوادر کو پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کی مزکری بندرگاہ بنایا جائے وسط ایشیائی ریاستوں کیلئے گوادر کو ٹرانزٹ ٹریڈ کے طور پر سہولیات فراہم کی جائیں گوادر فری زون میں مشترکہ سرمایہ کاری کو فروغ دیا جائے گوادر کو نیشنل گرڈ سے منسلک کیا جائے موجودہ ٹرانسمیشن اور ڈسٹربیوشن نیٹ ورک کی اپ گریڈیشن کی جائے گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی ہسپتال کی بحالی کیلئے خود مختار ماڈل یا پی پی پی موڈ کا جائزہ لیا جائے جنوبی بلوچستان ترقیاتی پیکج کے منصوبے کیلئے بھی فنڈز کی فراہمی کا سلسلہ جاری رہنا چاہئے انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے وفاقی سطح پر بھی اقدامات کا تسلسل جاری رہنا چاہئے صوبائی حکومت بھی گوادر کی ترقی اور خوشحالی کیلئے اقدامات کررہی ہے غیر قانونی فشنگ اور ٹرالنگ کا تقریباً خاتمہ کردیاگیا ہے گوادر ضلع میں سکول اور صحت کے بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنایا جارہا ہے۔

پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے پینے کے پانی کی فراہمی کے منصوبے شروع کئے گئے ہیں گوادر ڈویلپمنٹ اتھارٹی کو مکمل طور پر فعال کیاگیا ہے جیونی میں کچرہ ٹھکانے لگانے کیلئے نظام بنایا جارہا ہے گوادر میں ٹیکنیکل اینڈ ووکیشنل ایجوکیشنل ٹریننگ کی فراہمی کا آغاز کردیاگیا ہے جیونی کے رہائشیوں کو نرسنگ اور طب کے دیگر شعبوں میں تربیت دی جارہی ہے گوادر کے طلباء و طالبات کو پاک چائنا ووکیشنل ٹریننگ سینٹر میں فنی تربیت دی جارہی ہے گوادر یونیورسٹی کا ایکٹ بنادیاگیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن کے قیام میں پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کا کردار قابل ستائش ہے انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام محب وطن ہیں ہمارے آباواجداد نے قیام پاکستان کے لئے عظیم قربانیں دیں ہم اپنے بزرگوں کی جدوجہد اور خطے کی حفاظت کے لئے دی گئی قربانیاں کو کبھی رائیگاں نہیں جانے دیں گے وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ وزیراعظم کے دورہ گوادر سے سی پیک کے تحت جاری منصوبوں کی پیشرفت میں مزید اضافہ ہوگا ان منصوبوں کے ثمرات جلد از جلد گوادر، بلوچستان اور پاکستان کے عوام تک پہنچیں گے۔