کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ہم نے صوبے کے 34اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا آزادانہ اور غیر جانبدارانہ انعقاد یقینی بنایا ان شاء اللہ ہماری حکومت بلدیاتی اداروں کو مالی اور انتظامی طور پر خودمختار بنائے گی بلدیاتی اداروں کی مالی ضروریات کو پورا کیا جائے گا اور انہیں خودانحصار بنایا جائے گا۔
آئندہ مالی سال کے بجٹ میں لوکل کونسلز کیلئے 10ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جبکہ تنخواہوں اور غیر ترقیاتی مد میں ساڑھے6ارب روپے مختص کئے جائیں گے ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے کے مختلف اضلاع سے آزاد حیثیت میں کامیاب ہونے والے نو منتخب کونسلروں کی بلوچستان عوامی پارٹی میں شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا وفاقی وزیر سردار اسرار خان ترین، سینٹر منظور احمد خان کاکڑ، بلوچستان عوامی پارٹی کے صوبائی وزراء ، پارلیمانی سیکرٹری، پارٹی قائدین اور ڈویڑنل کوآرڈینیٹر ز کے علاوہ کارکنوں کی بڑی تعداد نے تقریب میں شرکت کی وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ سب کو باپ پارٹی میں شامل ہونے پر خوش آمدید کہتے ہیں۔
باپ پارٹی صوبے کی بڑی جماعتوں میں شامل ہے جس کی جڑیں عوام میں ہیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے پارٹی کی بنیاد 2018میں رکھی ہم نے پارٹی کو ایک جامع آئین اور منشور دیا صوبے کے سینئر عوامی نمائندوں نے باپ پارٹی میں شامل ہوکر اس کی مقبولیت میں اضافہ کیا 2018کے عام انتخابات میں باپ پارٹی نے سب سے زیادہ ووٹ حاصل کئے قومی اسمبلی میں ہم نے پانچ اور صوبائی اسمبلی میں 24نشستیں حاصل کیں کے پی کے اسمبلی میں بھی باپ پارٹی کی نمائندگی موجود ہے جو کسی بھی نئی پارٹی کیلئے یہ ایک بہت بڑی کامیابی تھی۔
انہوں نے کہا کہ سینیٹ میں بھی ہماری 12نشستیں ہیں اور باپ پارٹی سینیٹ میں چوتھی بڑی جماعت ہے بدقسمتی سے پارٹی کی اس مقبولیت کو برقرار نہیں رکھا جاسکا ہمارے چند سینئر ساتھیوں جن پر پارٹی امور کو چلانے کی ذمہ داری تھی وہ اس ذمہ داری کو بہتر انداز میں ادا نہ کرسکے وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ پارٹی کارکن پارٹی کے خلاف اندرونی اور بیرونی سازشوں سے بخوبی آگاہ ہیں پارٹی کارکن ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پوری طرح پرعزم ہیں انہوں نے کہا کہ پارٹی کارکنوں اور رہنماؤں کا اعتماد میری سب سے بڑی طاقت ہے میں اس اعتماد کو کبھی بھی ٹھیس پہنچنے دوں گا میں سب کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتا ہوں جمہوری اقدار کی پاسداری ہم سب پر لازم ہے جمہوریت اور جمہوری اداروں کے استحکام اور فروغ کیلئے تحمل، رواداری اور صبروبرداشت کی ضرورت ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان کی اپنی روایات ہیں جن میں ایک دوسرے کا احترام کیا جاتا ہے ہم نے ان روایات کو آگے لیکر چلنا ہے ہماری حکومت قائم ہوئے آٹھ ماہ ہوئے ہیں کسی بھی حکومت کی کارکردگی کیلئے یہ مدت بہت کم ہوتی ہے تاہم اللہ کے فضل سے ہم نے اس قلیل مدت میں بہت سے کامیابیاں حاصل کیں صوبے اور عوام کے حقوق و مفادات کا تحفظ یقینی بنایا وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریکوڈک جیسا اہم معاہدہ کیا ریکوڈ معاہدے میں ان کیمرہ سیشن کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لیا بارڈر ٹریڈ کا دوبارہ سے آغاز کیا غیر ضروری چیک پوسٹوں کا خاتمہ کیا لوگوں کو حاصل روزگار کے مواقعوں کا تحفظ یقینی بنایا روزگار کے مواقعوں میں اضافہ کیا مختلف محکموں کے ملازمین اور کنٹریکٹ اساتذہ کے روزگار کو تحفظ دیا ہیلتھ کارڈ کا آغاز کیا۔
بلوچستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی ٹرالنگ کا خاتمہ کیا انہوں نے کہا کہ کابینہ کے اب تک 6اجلاس منعقد کئے کابینہ نے 200سے زائد اہم امور کی منظوری دی ہمیں اقتدار سنبھالتے ہی مشکل صورتحال کا سامنا تھا ہم نے مشکل صورتحال کے مطابق مشکل فیصلے کئے گڈ گورننس کو یقینی بنایا مالی و ترقیاتی معاملات کو بہتر کیا رواں مالی سال میں صوبے کی تاریخ میں سب سے زیادہ 91ارب روپے کے ترقیاتی فنڈز جاری کئے جب ہم نے اقتدار سنبھالا تو نصف مالی سال گذر چکا تھا گذشتہ حکومت کی غیر حقیقی بنیادوں پر بنائی گئی۔
پی ایس ڈی پی کو قابل عمل بنایاانہوں نے کہا کہ صوبے میں ترقیاتی مد میں 60سے 70 ارب روپے دستیاب ہوتے ہیں بجٹ میں صوبے کے محاصل کے غیر حقیقی اعدادوشمار پیش کئے گئے یہ وہ تمام عوامل تھے جن کو بہتر بنانا ہمارے لئے بڑا چیلنج تھا ہم نے اس چیلنج کو قبول کیااور محاصل اور اخراجات میں توازن پیدا کیا بجٹ میں نظر انداز کئے گئے علاقوں کو بھی ترقیاتی عمل میں شامل کیا غیر ترقیاتی اخراجات کو کم کرکے ترقیاتی فنڈز میں اضافہ کیاگیا وزیراعلیٰ نے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کے مراحل میں ہے نیا بجٹ عوام کی خواہشات کے مطابق بنایا جارہا ہے آئندہ مالی سال کا بجٹ زمینی حقائق کے مطابق ہوگا اس بجٹ میں اعداد و شمار کا ہیر پھیر نہیں کیا جائے گا بجٹ میں بلدیاتی اداروں کیلئے بھی ترقیاتی اور غیر ترقیاتی فنڈز مختص کئے جائیں گے انہوں نے کہا کہ مجھے یقین ہے۔
کہ نو منتخب بلدیاتی نمائندے اپنے اپنے علاقوں کی ترقی کیلئے بھرپور صلاحیتیں بروئے کار لائیں گے نو منتخب بلدیاتی نمائندے عوام کے اعتماد پر پورا اتریں گے میری نیک خواہشات آپ کے ساتھ ہیں میں ایک مرتبہ پھر باپ پارٹی میں شمولیت پر آپ کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ دریں اثناء وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہا ہے کہ ما لی سال 2022-23کے بجٹ میں بلوچستان کے پسماندہ علاقوں کو ترقی دینگے،ہم آدھا پاکستان ہیں ہمار ے وسائل کا زیادہ حصہ غیر ترقیاتی اخراجات کی نظر ہو جاتاہے،این ایف سی کے تحت ملنے والے حصہ سے ترقیاتی مد میں صرف 60 سے 70 روپے دستیاب ہوتے ہیں،بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کی سیڈ منی میں اضافہ کیا گیا ہے ۔
یہ بات انہوں نے پیر کو صوبائی وزیر سردار عبدالرحمان کھیتران کی رہائش گاہ ان سے ملا قات کے دوران گفتگو کر تے ہوئے کہی،ملا قات میں صوبائی وزیر محمد خان لہڑی اور سابق صوبائی وزیر میر ظہور بلیدی بھی موجود تھے، اس موقع پر وزیراعلیٰ سے کھیتران قبیلے کے معتبرین اور نوجوانوں نے بھی ملاقات کی، وزیر اعلیٰ بلو چستان میر عبد القدوس بزنجو نے کہاکہ ہم نے ملکر صوبے میں بہتری اور تبدیلی لانے کا بیڑا اٹھایااللہ تعالیٰ کے فضل اور ساتھیوں کے تعاون سے ہمیں کامیابی ملی ،سردار عبدالرحمان کھیتران نے بلو چستان میں ہو نے والی تبدیلی کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے کہاکہ سب کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتے ہیں صوبے کا ہر علاقہ اور تمام اقوام و قبائل میرے لئے اہم ہیںہمیں مالی اور انتظامی طور پرمشکل حالات وراثت میں ملے مشکل صورتحال کے مطابق مشکل فیصلے کئے ساتھیوں اور عوام کی محبت اور اعتماد ہی سب بڑی دولت ہے، انہوں نے کہاکہ نوجوان نسل کے لئے بہت کچھ کررہے ہیں آئندہ بجٹ میں بھی یوتھ کی ترقی کو ترجیح حاصل رہے گی،نوجوانوں کو جدید علوم کی تعلیم اور کمپیوٹر لٹریسی کے لئے زیادہ فنڈز مختص کرینگے، انہوں نے کہاکہ عمارتوں کی تعمیر کی بجائے اپنے نوجوانوں کو ملک کے اعلیٰ تعلیمی اداروں میں بھیجیں گے، اپنے نوجوانوں کو فنی تربیت کی فراہمی کے لئے دو ارب روپے کا فنڈ قائم کیا ہے۔
انہوں نے کہاکہ بلوچستان عوامی انڈومنٹ فنڈ کی سیڈ منی میں اضافہ کیا گیا ہے بی اے ای فنڈ کا مقصد موزی امراض میں مبتلا غریب عوام کو علاج کی سہولت دینا ہے ، انہوں نے کہاکہ ہم نے صحت کارڈ کا اجراء بھی کیا ہے جس کے زریعہ 18 لاکھ خاندانوں کو دس لاکھ تک مفت علاج کی سہولت ملے گی، اس موقع پر کھیتران قبیلے کے معتبرین اور نوجوانوں نے وزیراعلیٰ میر عبد القدوس بزنجو کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔