چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ حکومت ہٹانے کی سازش امریکا کے ساتھ اندرونی میر جعفروں نے ملکر کی ہے کیونکہ جب تک اندرونی میر جعر ساتھ نہ دے رجیم چیج کامیاب نہیں ہوسکتی۔
اسلام آباد میں پالیسی انسٹیٹیوٹ کے زیراہتمام ویبینار سے خطاب میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت یہ بحث جاری ہے کہ اس ملک کے ساتھ ہوا کیا ہے۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اکنامک سروے کے مطابق ہمارے دور میں معیشت بہتر ہورہی تھی، زراعت ،انڈسٹری اور دیگر شعبوں میں بہتری آرہی تھی تو پھر کونسی قیامت آگئی تھی کہ ہماری حکومت کو بیرونی سازش کے تحت ہٹایا گیا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا گیا کہ ہماری حکومت مہنگائی کنٹرول کرنے کی اہل نہیں مگر اب دو مہینے میں اتنی مہنگائی ہو گئی ہے جتنی ہمارے ساڑھے تین سال میں نہیں تھی۔
انہوں نے کہا کہ جو قیمت اس وقت قوم مہنگائی اور لوڈشیڈنگ کی صورت میں ادا کر رہی ہے اسکا ذمہ دار کون ہے؟ سب کو خوف ہے کہ ہماری معیشت سری لنکا کے حالات کی طرف جارہی ہے۔
چیئرمین تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ اگر ایسا ہوا تو سب سے بڑا مسئلہ نیشنل سیکیورٹی کیلئے ہوگا، ملٹری سیکیورٹی ایک طرف ہے،معاشی سیکیورٹی اتنی ہی اہم ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ ان لوگوں کو ہم پر مسلط کیا جا رہا ہے جن کا پاکستان میں کوئی مفاد نہیں، جو چور ڈاکو ہم پر مسلط کیے گئے ان کے1100 ارب معاف کئے گئے، کرپشن کر کے باہر بھاگنے والے این آر او لے کر واپس آنا چاہتے ہیں۔
سابق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ رجیم چینج کا نقصان صرف پاکستان کو ہے،آج ہمیں غلام بنایا جا رہا ہے، امریکا چاہتا ہے پاکستان میں اڈے مل جائیں اور اسے اپنے فائدے کیلئے استعمال کریں، مزید کہا جیسا ابھی چل رہا ہے ویسا چلتا رہا تو پاکستان کا کوئی مستقبل نہیں۔