وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کا کہنا ہے کہ ریکوڈک منصوبے کا باقاعدہ آغاز 14 اگست کو کیا جائے گا۔
وزیرِ اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے بیرک گولڈ کارپوریشن کے سربراہ مارک برسٹو کے ہمراہ ریکوڈک منصوبے سے متعلق پریس کانفرنس کے دوران یہ بات کہی۔
انہوں نے بتایا کہ ریکوڈک منصوبے میں بلوچستان کا 25 فیصد حصہ ہے، صوبے کو اس منصوبے سے سالانہ ایک ارب ڈالرز کی آمدن ہو گی، 7500 افراد کو روزگار ملے گا جن میں مقامی افراد کو ترجیح دیں گے۔
اُنہوں نے بتایا کہ سماجی بہبود کے پروگرامز کے لیے 70 ملین ڈالر مختص کیے گئے ہیں، ریکوڈک منصوبہ 40 سال تک جاری رہنے کا امکان ہے۔
عبدالقدوس بزنجو نے منصوبے کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ پہلے مرحلے میں پلانٹ سالانہ 40 ملیں ٹن دھات کی پروسیسنگ کرے گا، جسے 5 سالوں میں دگنا کیا جائے گا۔
دوسری جانب اس منصوبے پر ملک میں سرمایہ کاری کرنے والی بیرک کمپنی کے سی ای او مارک برسٹو کا کہنا ہے کہ پاکستان اور بیرک کمپنی کے درمیان حتمی معاہدوں پر کام جاری ہے، شراکت داری کے تحت 50 فیصد حصہ بیرک کمپنی کا ہوگا۔
اُنہوں نے کہا کہ منصوبے کا 25 فیصد حصہ حکومتِ پاکستان اور 25 فیصد حصہ بلوچستان کے پاس ہو گا۔
اُنہوں نے مزید بتایا کہ بلوچستان حکومت کو بغیر کسی سرمایہ کاری کے رائلٹی اور ڈیویڈنٹ بھی حاصل ہوں گے۔
مارک برسٹو نے کہا کہ بیرک کمپنی قانونی اقدامات کے بعد فزیبلیٹی اسٹڈی پر نظرِ ثانی کرے گی، ریکوڈک کے ذخائر سے تانبے اور سونے کی پہلی پیداوار 2027ء تک متوقع ہے۔
اُنہوں نے بتایا کہ اس منصوبے پر کمپنی7 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کرے گی، پہلے مرحلے میں 4 ارب ڈالرز، دوسرے مرحلے میں 3 ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری ہو گی، منصوبے سے 7500 سے زائد افراد کو روزگار مل سکے گا۔
مارک برسٹو نے یہ بھی بتایا کہ بلوچستان میں صحت، تعلیم، فوڈ سیکیورٹی سمیت متعدد ترقیاتی پروگرامز کا آغاز کیا جائے گا۔