|

وقتِ اشاعت :   July 26 – 2022

کوئٹہ;  سیاسی و معاشرتی زندگی میں خواتین کا کردار انتہائی اہم ہے۔ خواتین کو نظر انداز کر کے کوئی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا۔

تحریک انصاف نے سیاست میں خواتین کے کردار کو مزید فعال کیا ہے۔ امپورٹڈ حکومت عوام کو ریلیف دینے میں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے۔ ان خیالات کا اظہار تحریک انصاف خواتین ونگ کی صوبائی صدر منورہ منیر بلوچ نے ریلوے ہاؤسنگ سوسائٹی میں صفیہ کاکڑ کی جانب سے منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی قوتوں کے اشاروں پر عمران خان کے خلاف عدم اعتماد لاکر حکومت ختم کرنے والی امپورٹڈ حکومت نے ماضی کے مہنگائی کے تمام ریکارڈ توڑ دئیے ہیں اور ہمیں ملکی معیشت کی تباہی کا طعنہ دینے والے بتائیں کہ اب معیشت کی بگڑتی صورتحال اور جان لیوا مہنگائی کا ذمہ دار کون ہے؟۔

جو ہمیں کہتے تھے کہ آئی ایم ایف کے پاس کیوں گئے ہیں اب خود آئی ایم ایف کو راضی اور خوش کرنے کیلئے عوام پر مہنگائی بم گرا کر زندہ درگور کر رہے ہیں۔ منورہ بلوچ نے مزید کہا کہ خواتین کا اس معاشرے میں اہم کردار ہے پی ٹی آئی نے خواتین کو ان کا جائز مقام دلایا.

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی عوام کے حقوق کی جدوجہد جاری رکھے گی۔عوام آج بھی عمران خان اور پی ٹی آئی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آئندہ انتخابات میں مضبوط امیدوار کھڑے کریں گے اور عوامی حمایت و تائید سے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کریں گے۔