|

وقتِ اشاعت :   July 27 – 2022

کوئٹہ; ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام محکمہ صحت بلو چستان کے پراونشل کوآرڈینیٹرڈاکٹر شعیب عزیز کر د نے کہا ہے کہ بلو چستان میں ہیپا ٹائٹس کے رجسٹرڈ مریضوں کی تعداد 15ہزار سے زیا دہ ہے جوکہ اپنا علاج ومعالجہ ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام سے کر وارہے ہیں،

ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام کوئٹہ سمیت بلو چستان کے تمام اضلاع میں سہو لیات مفت فراہم کر رہا ہے، ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام ہیپا ٹائٹس اے کے 931880افراد کی ویکسینیشن،ہیپا ٹائٹس سی کے 14441، ہیپا ٹائٹس بی کے 12524اورہیپا ٹائٹس ڈی کے 5013مریضوں کو ویکسینیشن اور علا ج ومعا لجے کی سہولیات فراہم کر چکا ہے،

یہ بات انہوں نے بدھ کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کر تے ہوئے کہی،اس موقع پر ڈائریکٹر پبلک ہیلتھ ڈاکٹر خالد قمبرانی، ایڈیشنل ڈی جی ہیلتھ ڈاکٹر شوکت بلوچ اور ڈاکٹر ناصر بگٹی بھی موجود تھے، ڈاکٹر شعیب عزیز کر د نے کہا کہ ملک بھر کی طرح بلوچستان میں بھی28جولائی کو ہیپا ٹائٹس کا دن منایا جائے گا جس میں اس مہلک اور جان لیوا بیما ری سے متعلق شعور و آگاہی فراہم کی جائے گی،

انہوں نے کہاکہ ہیپا ٹائٹس ایک جان لیوا بیماری ہے ڈبلیو ایچ او کے مطابق عالمی سطح پر صرف ہیپا ٹائٹس بی اور سی کے شکار ہو نے والے افراد کی تعداد35کروڑ سے زیا دہ ہے پاکستان میں اس مرض سے متاثرہ لوگوں کی تعداد ڈیڑھ کروڑ کے لگ بھگ ہے جن میں ہیپا ٹائٹس بی اور سی کے مریضوں کی تعداد چودہ ملین ہے،

انہوں نے کہاکہ بلو چستان میں 90فیصدلوگوں کو علم نہیں ہو تا کہ وہ اس مرض میں مبتلا ہیں اس مرض کی علامات میں بھوک میں کمی، متلی، الٹی، اسہال، بخار، تھکاوٹ، کمزوری، آنکھوں اور جلد کا پیلا پڑ جا نا شامل ہے، انہوں نے کہاکہ ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام نے مرض پر قابو پا نے کے لئے بلو چستان کے32اضلاع کے ضلعی ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں میں سینٹرز کھو لے ہیں جس میں ہم ہیپا ٹائٹس اے کے 931880افراد کی ویکسینیشن،ہیپا ٹائٹس سی کے 14441، ہیپا ٹائٹس بی کے 12524اورہیپا ٹائٹس ڈی کے 5013مریضوں کو ویکسینیشن اور علا ج ومعا لجے کی سہولیات فراہم کر چکے ہیں،

انہوں نے کہاکہ محکمہ صحت کے اعداد و شمار کے مطابق کوہلو، ژوب، نصیر آباد، جعفر آباد، جھل مگسی، لسبیلہ اور صحت پور میں ہیپا ٹائٹس کے سب سے زیا دہ مریض پائے جاتے ہیں انہوں نے کہاکہ بلو چستان میں مجمو عی طورپر اسکرینگ کے نتیجے میں ہیپا ٹائٹس 8فیصد موجود ہے ہیپا ٹائٹس کنٹرول پروگرام بلو چستان اس موذی مرض کو کنٹرول کر نے کے لئے تشخیص، ٹریٹمنٹ اور ویکسینیشن پر فوکس کر رہی ہے،

ہم تمام علما اکرام، اساتذہ اکرام، سول سو سائٹی اور تمام طبقات سے پر زور اپیل کر تے ہیں کہ بلو چستان میں بڑھتی ہوئی جان لیوا بیما ری کو کنٹرول کر نے میں اپنا کر دار ادا کریں، انہوں نے کہاکہ ہما رے پاس وسائل کی کمی ہو نے کی وجہ سے ہمیں چیلنجز کا سامنا ہے،انہوں نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ہیپا ٹائٹس سے بچاؤ کی ویکسین لگوائیں اور وفتاً فوقتاً یپا ٹائٹس کاٹیسٹ بھی ضرور کروائیں۔