|

وقتِ اشاعت :   July 28 – 2022

کوئٹہ;  ایڈمنسٹریٹرلوکل گورنمنٹ کوئٹہ عصمت اللہ بازئی نے کہا ہے کہ حالیہ مون سون کی بارشوں کے دوران پانی کی نکاسی اور صفائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں.

صوبائی حکومت کی ہدایت پر لوکل گورنمنٹ کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور ایمرجنسی سیل قائم کرکے صورتحال کو مانٹیر کیا جارہا ہے،صوبائی حکومت لوکل گورنمنٹ کو اضافی فنڈز کی فراہمی یقینی بنائے تاکہ ڈسٹرکٹ کونسل کی حدود میں آنے والے بڑے نالوں کی صفائی کو یقینی بنایاجاسکے۔

یہ بات انہوں نے جمعرات کو اپنے دفتر میں ملازمین سے خطاب اور صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ عصمت اللہ بازئی نے کہا کہ جب سے انہوں نے ایڈمنسٹریٹرلوکل گورنمنٹ کا چارج سنبھالا ہے اس دن آج تک دن رات علاقے میں صفائی اور عوام کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کام کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹر کٹ کونسل کی حدود میں واقع اغبرگ،نوحصار،کیچی بیگ،کچلاک، بلیلی اور دیگرعلاقے گنجان آبادی پرمشتمل ہیں لوکل گورنمنٹ محدود وسائل کے اندر رہتے ہوئے علاقے میں صفائی کیلئے کوشاں ہیں.

وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو،صوبائی وزیر بلدیات سردار محمد صالح بھوتانی اور سیکرٹری لوکل گورنمنٹ دوستین جمالدینی کی خصوصی ہدایت پر لوکل گورنمنٹ میں ایمرجنسی نافذ کرکے تمام ملازمین کی چھٹیاں منسوخ کردی گئی ہیں اور لوکل گورنمنٹ کے دفتر میں ایمرجنسی سیل قائم کیا گیا ہے جو تمام صورتحال کو مانیٹر کررہاہے۔

انہوں نے کہا کہ حالیہ بارشوں سے ڈسٹرکٹ کونسل کے ایریامیں آنے والے علاقوں میں جانی اور مالی نقصانات ہوئے ہیں صوبائی حکومت اور پی ڈی ایم اے کے ساتھ ملکر متاثرین کی ہرممکن امداد کو یقینی بنایاجارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ کونسل کے پاس فنڈز محدود ہونے کی وجہ سے بعض مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے صوبائی حکومت لوکل گورنمنٹ کو اضافی فنڈز کی فراہمی کویقینی بنائے تاکہ علاقے میں صفائی اور بڑے نالوں کو صاف کیا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ لوکل گورنمنٹ کی تمام مشینری،لوڈر اورعملہ دن رات علاقے میں کام کررہا ہے تاکہ لوگوں کو کسی بھی قسم کی شکایت نہ ہو۔