|

وقتِ اشاعت :   July 30 – 2022

پنجگور;  بلوچستان نیشنل پارٹی عوامی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سیکرٹر ی اور صوبائی وزیر زراعت میر اسداللہ بلوچ نے کہا کہ بلوچستان کے ساحل وسائل اور معدنیات پر پہلا حق صوبے کے عوام کا ہے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے کی اجازت نہیں دیں گے۔

ریکوڈک منصوبے سے وفاقی حکومت کو 25 فیصد شیئر ملے گا لیکن بلوچستان کا حصہ صفر ہے اس طرح کے فیصلے اور معاندانہ رویے سے احساس محرومی اور عوام کے مایوسی میں اضافہ ہوگا صوبائی حکومت نے ریکوڈک کے حوالے سے مرکزی حکومت کو جو پلان دیا ہے اگر اس پر عملدرآمد کیاگیا تو بلوچستان میں ترقی اور خوشحالی کے ایک نئے سفر کا آغاز ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر زراعت میر اسداللہ بلوچ نے کہا کہ اس وقت پنجگور میں اربوں روپے کی لاگت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں پر کام ہورہا ہے پنجگور سٹی کے تمام سڑکیں ڈبل کرکے پختہ کئے جارہے ہیں پنجگور میں مکران یونیورسٹی،بی آر سی کالج،زرعی کالج،مختلف یونین کونسلز میں آر ایچ سی ہسپتال سمیت دیگر سیکٹر میں کام ہورہا ہے جوکہ جلد مکمل ہوجائیں گے.

ان تمام ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع میسر ہوں گے بلکہ ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا،انہوں نے کہا کہ والدین اپنے بچوں کی تعلیم پر توجہ مرکوز کریں کیونکہ اکیسویں صدی میں ہم کافی پیچھے رہ گئے ہیں اگر ہمیں آگے بڈھنا ہے تو تعلیم کو عام کرنا ہوگا علم کا چراغ ہر گھر میں روشن کرنا ہے۔