کوئٹہ: بلوچستان اسمبلی کے اراکین نے حکومت کی توجہ ریڈزون کے باہر زیارت واقعہ پر احتجاج، خاران میں حاجی ثنا ء اللہ کے گھر پر چھاپہ مار کر اس کے دو بیٹوں کو قتل کرنے، استاتذہ کی بھوک ہڑتال، فزیو تھر اپسٹس کے احتجاج، کوئٹہ میں فائرنگ سے نوجوان کی ہلاکت کی تحقیقات کی جانب مبذول کرواتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی مسائل کو حل کرنے کے لئے ٹھوس اقداما ت اٹھائے جائیں، ہفتہ کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں بی این پی کے رکن اسمبلی ثنا بلوچ نے پوائنٹ آف آرڈر پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ زیارت واقعہ کے ردعمل میں ریڈ زون کے باہر احتجاج کرنے والے لوگوں کا انتہائی معمولی مطالبہ ہے کہ واقعہ کے انکوائری کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے انہوں نے کہا کہ خاران میں حاجی ثنا ء اللہ کے گھر پر چھاپہ مار کر اس کے دو بیٹوں کو قتل ایک کو لاپتہ کیا ہے اگر کسی سے کوئی تفتیش یا تحقیقات کرنی ہے تو ہمیں بتایا جائے تو ہم خود انکو اداروں کے پاس بھیجیں گے یہ کونساقانون ہے کہ گھر میں سوئے بچوں کو نشانہ بنایا جائے
انہوں نے کہا کہ 18جولائی سے کوئٹہ پریس کلب کے سامنے اساتذہ بھوک ہڑتال پر بیٹھے ہیں دیگر صوبوں میں جے وی ٹی اساتذہ کو اپگریڈ کیا گیا ہے مگر بلوچستان کے اساتذہ اپگریڈیشن کے حق میں تادم مرگ بھوک ہڑتال پر ہے انکے مطالبات منظور نہیں کئے جارہے ہیں انہوں نے کہا کہ میں نے محکمہ پولیس کی تنخواہوں کے حوالے سے ایوان کی توجہ کافی عرصے پہلے مبذول کرائی تھی مگر اس پر بھی کوئی عملدرآمد نہیں ہوا انہوں نے کہا کہ کوئٹہ پریس کلب کے سامنے احتجاج پر بیٹھے فزیوتھراپسٹ کا مسئلہ حل کیا جائے صوبائی وزیر پی اینڈ ڈی نور محمد دمڑ نے کہا کہ بلوچستان میں ایک ٹرینڈ بن گیا ہے کہ مطالبات جائز ہو یا نہ لوگ پریس کلب کے سامنے احتجاج پر بیٹھ جاتے ہیں جنہیں سیاسی جماعتوں کی پشت پناہی حاصل ہوتی ہے انہوں نے کہا کہ میں پریس کلب کے سامنے بیٹھے تمام مظاہرین کے پاس گیا ہوں ریڈ زون کے باہر دھرنے میں بیٹھے افراد سے حکومتی وفد نے مذاکرات کئے انکے مطالبے پر وزیر اعلیٰ بلوچستان نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام کی منظوری دی جوڈیشل کمیشن کے قیام کے بعد دھرنے پر بیٹھے لوگ اپنے مطالبے سے پیچھے ہٹ گئے
اور سپریم کورٹ کی سطح پر جوڈیشل کمیشن کے قیام کا مطالبہ کیا جو بلوچستان حکومت کے دائرہ اختیا ر میں نہیں۔ صوبائی وزیر صحت میر نصیب اللہ مری نے ثنا بلوچ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ ثنا ء بلوچ اپنی تقریر میں خود کو حکومت سے دور دکھا رہے ہیں مگر حقیقت یہ ہے کہ یہ ہم سے زیادہ حکومت اور وزیر اعلیٰ کے قریب ہے انہوں نے کہا کہ ریڈزون کے باہر بیٹھے خواتین کا مطالبہ جوڈیشل کمیشن کے قیام کا تھا جس کا بذات خود میں حق میں نہیں تھا اس کے باوجود ہم وزیر اعلیٰ کے پاس گئے اور جوڈیشل کمیشن قائم کیا گیا زیارت واقعہ میں جس شخص کے مارے جانے کا دعویٰ کیا گیا وہ زندہ نکلا اور اس نے آکر کہا کہ وہ ایران میں تھا انہوں نے کہا کہ اساتذہ کے مطالبات سے متعلق ہم نے لا ڈپارٹمنٹ کو مراسلہ ارسال کیا ہے 15دنوں میں انکے مطالبات منظور ہوجائینگے عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر و رکن صوبائی اسمبلی اصغر خان اچکزئی نے کہا کہ عجیب حکومت ہے صوبائی وزیر کہہ رہا ہے کہ ان سے زیادہ اپوزیشن کے اراکین وزیر اعلیٰ کے قریب ہے اس دوران اصغر خان اچکزئی اور ثنا بلوچ کے درمیان نوک جھونک بھی ہوئی اصغر خان اچکزئی نے ایوان کی توجہ گزشتہ دنوں سیکرٹریٹ کے عقب پر واقع سڑک پر پولیس کی فائرنگ سے پارٹی رہنما کے بھتیجے کی ہلاکت پر مبذول کراتے ہوئے کہا کہ پارٹی ضلع پشین کے صدر کا بھتیجا پولیس کی فائرنگ سے جاں بحق ہوا ہے انہوں نے واقعہ کے تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ دنوں دو لوگ سڑک پر بھاگ رہے تھے دوڑنے والا دوسرا شخص چور چور کی صدائیں لگا رہا ہے اس دوران پولیس کی فائرنگ سے پارٹی رہنما کا بھتیجا جو وہاں سے گزر رہا تھا جاں بحق ہوا تاہم نہ تو چور پکڑ ا گیا نہ ہی جس کی چوری ہوئی ہے وہ سامنے آیاہے
انہوں نے مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کراکر محراکات کو سامنے لایا جائے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے رولنگ دیتے ہوئے کہا کہ آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی۔ صوبائی وزیر صحت احسان شاہ نے کہا کہ پریس کلب کے سامنے احتجاج پر بیٹھے فزیو تھراپسٹ سے انہوں نے مذاکرات کیے اور فزیو تھراپسٹ کے کچھ آسامیاں تعیناتیوں کے لیے پبلک سروس کمیشن کو بھجوائی گئی ہے کوشش کی جائیگی کہ ڈی ایچ کیو کی سطح پر اسپتالوں میں ایک یا دو دو فزیو تھراپسٹ تعینا ت کئے جائیں انہوں نے کہا کہ اساتذہ میرے پاس آئے تھے انہوں نے ٹائم اسکیل کی منظوری پر یقین دہانی کرائی تھی کہ اساتذہ اپنی حاضریوں کو یقینی بنائیں گے مگر افسوس آج بھی یونین کے اساتذہ ڈیوٹیاں نہیں دے رہے ہیں انہوں نے کہا کہ باقی کسی صوبے میں اساتذہ کو ٹائم اسکیل نہیں دیاجاتا یہ واحد صوبہ ہے کہ اساتذہ کو ٹائم اسکیل دیا گیا ہے انہوں نے کہا کہ سابق حکومت میں سی ٹی ڈی پر انگلیاں اٹھائی جاتی رہی ہیں موجودہ حکومت میں وزیر اعلیٰ بلوچستان اور سابق آئی جی پولیس طاہر رائے کے درمیان اختلاف کی وجہ بھی یہی تھی