کوئٹہ: بلوچستان میں ایک بار پھر سیلابی صورتحال کا خطرہ منڈلانے لگا ریلیف کمشنر آفس اور ڈی جی پی ڈی ایم اے نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ جاری کردیا نشیبی علاقوں سے آبادیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے اور بھاری مشینری کی موجودگی یقینی بنانے کی ہدایات جاری کردیں گئیں ۔
مراسلے میں بلوچستان کے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پی ایم ڈی کی جانب سے زورآور مون سون بارشوں کے بارے میں آگاہ کیا گیا ہے بارشوں کے باعث دوبارہ سیلابی صورتحال متوقع ہے مون سون بارشوں کا سلسلہ 10 اگست سے 13 اگست تک جاری رہے گا۔
گرج چمک کے ساتھ 16 اضلاع میں شدید بارشیں ہونگی جبکہ لورالائی بارکھان کوہلو موسی خیل شیرانی اور سبی کچی بولان خضدار قلات پنجگور کیچ پسنی اور گوادر کے ندی نالوں میں طغیانی کا خطرہ موجود ہے نشیبی و پہاڑی علاقوں سے آبادی کو محفوظ مقام پر منتقل کرنے کی ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ اہم مقامات پر بھاری مشینری کی موجودگی یقینی بنانی جائے اور پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے اجتناب کیا جائے۔